کورونا وبا، شادی کی تقریب میں دلہا دلہن کے مبارکبادیں وصول کرنے پر پابندی عائد

251

اسلام آباد:نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی)نے ملک میں کورونا کی دوسری لہرشروع ہونے کے بعد شادی کی تقاریب کے انعقاد کے حوالے سے ضابطہ کار جاری کردیا، احتیاطی تدابیر کے تحت شادی کی تقریب میں دلہا دلہن اور ان کے گھر والوں پر روایتی طریقے سے مبارکبادیں وصول کرنے پر پابندی لگادی ہے۔

تفصیلات کے مطابق این سی او سی کی جانب سے جاری ظابطہ کار کے مطابق شادی کی تقریب بند کمرے یا ہال کے بجائے کھلی فضا میں ہوگی، شادی کی تقریب کے لیے جگہ کا انتخاب لوکل ہیلتھ اتھارٹی کی مشاورت سے ہوگا،تقریب میں قالین یا غالیچوں کا استعمال نہیں ہوگا۔شادی کی تقریب زیادہ سے زیادہ ایک ہزار مہمان شرکت کر سکیں گے اور ان کے مابین 6 فٹ کا فاصلہ ہوگا،جبکہ دلہا، دلہن اور ان کے گھر والے روایتی طریقے سے مبارکبادیں وصول نہیں کریں گے۔شادی کی تقریب میں شریک ہر مہمان کے لئے ماسک پہننا لازم ہوگا، جبکہ ہر فرد کا بخار چیک کرنا بھی لازم ہوگا،میزبان کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد کا ذمہ دار ہوگا اور شادی میں شریک ہر مہمان کو ماسک، سینیٹائزر میزبان فراہم کرے گا۔

تقریبات کے مہمانوں کی یومیہ بنیاد پر اسکریننگ کرنا ہوگی، تقریب میں کاغذ والا تولیہ اور جراثیم کش ادویات کا استعمال ہوگا، تقریب سے قبل کیمرہ، موبائل فون ، گاڑیاں اور دیگر استعمال کی تمام چیزیں ڈس انفیکٹ کرانا ہوں۔تقریب میں ہاتھ دھونے کے لیے صابن اور سینیٹائزر کا انتظام لازمی ہوگا۔

شادی کی تقریب میں کھانے کے حوالے سے جاری ضابطہ کار میں کہا گیا ہے کہ تقریب میں بوفے کی اجازت نہیں ہوگی، لنچ باکس اور ٹیبل سروس فراہم کی جاسکتی ہے۔ میزبان ولیمے کی تقریب میں مہمانوں کے لئے فوڈ باکس کا استعمال کریں۔ تقریب کا دورانیہ دو گھنٹے ہوگا اور رات 10 بجے تک تقریب ختم کرنا ہو گی۔