مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے افسر سمیت 4 اہلکار ہلاک

215

سری نگر: مقبوضہ کشمیر میں فوجی قافلے پر حملے میں بھارتی فوج کے افسر سمیت 4 اہلکار ہلاک ہوگئے، جبکہ بھارتی فوج نے نام نہاد سرچ آپریشن کے دوران فائرنگ کرکے 3 کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیا۔۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی فوج پر حملہ ضلع کپواڑہ میں کیاگیا جس کے نتیجے میں ایک بھارتی فوجی افسر سمیت 4 بھارتی فوجی مارے گئے۔

دوسری جانب قابض بھارتی افواج کی مقبوضہ وادی میں ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائیوں کے نتیجے میں مزید 3 کشمیری نوجوان شہید ہوگئے۔بھارتی فوج نے ضلع کپواڑا میں نام نہاد سرچ آپریشن کے دوران گھر گھر تلاشی میں چادر اور چار دیواری کے تقدس کو پامال کیا جب کہ فائرنگ کرکے مزید 3 کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیا۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ضلع کپواڑا میں ہی ایک حملے کے دوران 4 بھارتی سیکیورٹی فورسز کے اہلکار بھی ہلاک ہوگئے، مارے جانے والوں میں بھارتی فوج کا آفیسر، 2 اہلکار اور ایک بارڈر سیکیورٹی فورس کا اہلکار شامل ہے۔