امریکی اور جرمن کمپنی کا کرونا ویکسین تیار کرنے کا دعویٰ

165

واشنگٹن: امریکی اور جرمن فارماساز کمپنی فائزر اور بائیو این ٹیک نے دعویٰ کیا ہے کہ دونوں کمپنیوں نے ملکر کرونا ویکسین تیار کرلی ہے۔

دونوں کمپنیوں کی جانب سے جاری مشترکہ بیان میں کہا گیا کہ تیار کردہ کورونا ویکسین کی بڑے پیمانے پر آزمائش کی گئی، مریضوں کو 4 ہفتوں کے دوران آزمائشی ویکیسن کی 2 خوراکیں دی گئیں اور دوسری خوراک کے ایک ہفتے بعد ویکسین نے کورونا کے خلاف تحفظ فراہم کرنا شروع کیا، انہوں نے کہا کہ کلینکل ٹرائل کے نتائج بہت کامیاب رہے ہیں اور ابھی تک کورونا ویکسین کے تجربات میں کوئی تشویشناک بات سامنے نہیں آئی، ویکسین کے رواں ماہ میں ہنگامی بنیادوں پر استعمال کےلیے امریکی حکومت کی اجازت کے منتظر ہیں۔

امریکی فارما کمپنی فائزر کے سی ای او البرٹ برلا نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج انسانی تاریخ اور سائنس کیلئے بہت بڑا دن ہے، انہوں نے کہا کہ کورونا ویکسین کے فیزتھری میں 90 فیصد مؤثر نتائج آئے ہیں، فائزر جرمنی کی کمپنی بائیواینٹیک کےساتھ مل کر کورونا ویکسین کی تیاری میں مصروف عمل تھی۔

دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ٹوئٹر پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ کورونا ویکسین جلد آرہی ہے اور اطلاعات ہیں کہ یہ ویکسین 90 فیصد تک مؤثر ہے، یہ ایک بہت بڑی خبر ہے جس سے اسٹاک مارکیٹ میں بھی تیزی آئی ہے۔