ارکان قومی اسمبلی کے اثاثوں کی تفصیلات جاری، وزیراعظم کے اثاثوں میں خاطر خواہ کمی

182

اسلام آباد:الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے ارکان قومی اسمبلی کی جانب سے جمع کرائی گئیں اثاثوں کی تفصیلات جاری کردیں۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کیے گئےمالی گوشواروں کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کے اثاثوں میں خاطر خواہ کمی ہوئی ہے، گزشتہ مالی سال جمع کرائے گئے مالی گوشواروں کے مطابق وہ 10 کروڑ 80 لاکھ روپے کے مالک تھے جب کہ 20-2019 میں ان کے اثاثے گھٹ کر 8 کروڑ رہ گئی ہے۔

جاری تفصیلات کے مطابق وزیراعظم کا اندرون اور بیرون ملک کوئی کاروبار اور اپنی کوئی ذاتی گاڑی نہیں تاہم ان کے 4 غیر ملکی اکاؤنٹس ہیں ، جن میں 3 لاکھ 31 ہزار 230 امریکی ڈالرز اور 518 پاؤنڈز موجود ہیں۔

وزیراعظم عمران خان کے پاس 1 کروڑ 99 لاکھ سے زائد کیش بھی موجود ہے، ان کے پاس 4 بکریاں ہیں جن کی مالیت 2 لاکھ روپے ہے، انہوں نے فیروزوالہ میں 80 کنال زمین کے عوض 7 کروڑ سے زائد کا ایڈوانس بھی لے رکھا ہے۔

پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر اور اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کے اثاثوں کی مالیت 24 کروڑ 74 لاکھ روپے ہے،شہباز شریف کے پاس پاکستان میں جائیداد کی مالیت 1 کروڑ 47 لاکھ روپے ہے، ان کی لندن میں دو جائیدادوں کی مالیت 13 کروڑ 78 لاکھ روپے ہے۔

شہباز شریف کے بینک اکاؤنٹ میں 2 کروڑ 19 لاکھ روپے ہیں، شہباز شریف کے ذمہ لندن میں 14 کروڑ سے زائد واجب الادا ہیں۔ واجبات نکال کر شہباز شریف کے اثاثوں کی مالیت 10 کروڑ روپے ہے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کے اثاثوں کی مالیت 1 ارب 58 کروڑ روپے ہے،بلاول بھٹو کی پاکستان میں 19 غیر منقولہ پراپرٹیز ہیں،بلاول بھٹو کے پاس دبئی میں تحفہ اور وراثت میں ملی دو پر پراپرٹی ہیں،بلاول بھٹو کے پاکستان میں 8 بینک اکاؤنٹس ہیں ۔ بلاول بھٹو کے پاس دبئی ، برطانیہ میں 25 منقولہ سرمایہ دارانہ اثاثے ہیں ، زیادہ تر وراثت یا تحفے میں ملے ہیں۔

سابق صدر آصف زرداری کے اثاثوں کی مالیت 67 کروڑ 68 لاکھ روپے ہے،آصف زرداری کے پاس پاکستان میں 21 غیر منقولہ جائیدادیں ہیں،آصف زرادری کے پاس 1 کروڑ 66 لاکھ روپے مالیت کا اسلحہ ہے، 99 لاکھ روپے مالیت کے گھوڑے اور جانور ہیں، چھ گاڑیاں ہیں، آصف زرداری نے ملک میں ایک کروڑ 37 لاکھ روپے کی سرمایہ کاری کررکھی ہے۔

وفاقی وزیر فیصل واوڈا کی بیرون ملک 51 کروڑ روپے مالیت کی 5،اورپاکستان میں بھی کروڑوں روپے مالیت کی 3 جائیدادیں ہیں،فیصل واوڈا کے پاس 28 لاکھ روپے کیش، بینک میں 48 لاکھ روپے ہیں، فیصل واوڈا نے ایک گاڑی اثاثوں میں ظاہر کی ہے۔ فیصل واوڈا کے پاس 40 تولہ سونا بھی ہے۔

وفاقی وزیر شیخ رشید احمد کی پاکستان میں 4 کروڑ 18 لاکھ روپے مالیت کی 7 جائیدادیں ہیں،شیخ رشید کے بینک اکاؤنٹس میں 34 لاکھ روپے ہیں، انہوں نے 9 کروڑ 17 لاکھ روپے فکسڈ ڈپوزیٹ بھی کرا رکھا ہے۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی 24 کروڑ روپے مالیت کے اثاثوں کے مالک ہیں، اسد عمر 66 کروڑ روپے مالیت کے اثاثوں کے مالک ہیں جبکہ مراد سعید کے پاس 31 لاکھ روپے  اور 15 تولہ سونا ہے۔

وفاقی وزیر فواد چوہدری کے اثاثوں کی مالیت 11 کروڑ روپے سے زائد ہے،وفاقی وزیر حماد اظہر 36 کروڑ اور ان کی اہلیہ 28 کروڑ سے زائد مالیت کے اثاثوں کے مالک ہیں۔

وفاقی وزیر داخلہ اعجاز شاہ کی پاکستان میں 5 جائیدادیں ہیں جبکہ ان کی اہلیہ کے پاس 76 تولہ سونا ہے،وفاقی وزیر غلام سرور کے پاس پاکستان میں وراثتی پراپرٹی ہے ، انہوں نے 2 کروڑ روپے کی سرمایہ کاری بھی کر رکھی ہے۔

نور عالم خان کے اثاثوں کی مالیت 3 ارب 20 کروڑ روپے ہے، وفاقی وزیر پرویز خٹک نے ساس کو ڈھائی کروڑ روپے قرض واپس لرنا ہے۔ شاہد خاقان عباسی نے الیکشن کمیشن میں چھ کروڑ روپے مالیت کے اثاثے ظاہر کیے ہیں۔