گوتم گمبھیر کی بھارتی ٹیسٹ ٹیم میں واپسی

215

بھارت کے خلاف سیریز میں خسارے سے دوچار نیوزی لینڈ کی ٹیم مارک کریگ کے بعد جمی نیشام کی خدمات سے بھی محروم ہو گئی ہے جبکہ ہندوستان نے زخمی لوکیش راہل کی جگہ دو سال بعد گوتم گمبھیر کو ٹیسٹ اسکواڈ کا حصہ بنا لیا ہے۔

لوکیش راہول کانپور میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میچ میں وکٹوں کے درمیان رننگ کرتے ہوئے ہیمسٹرنگ انجری کا شکار ہوئے تھے اور اسکواڈ میں شیکھر دھاون کی موجودگی کے باوجود گمبھیر کو بقیہ سیریز کیلئے اسکواڈ کا حصہ بنا لی گیا ہے۔گمبھیر نے آخری ٹیسٹ میچ دو سال قبل ہندوستان کے دورہ انگلینڈ کے موقع پر کھیلا تھا جہاں وہ 25 سے بھی کم کی اوسط سے رنز کر سکے تھے اور ہندوستان کو پہلا ٹیسٹ میچ جیتنے کے باوجود سیریز میں 1-3 سے شکست کا منہ دیکھنا پڑا تھا۔تاہم فرسٹ کلاس کرکٹ میں عمدہ کارکردگی دکھانے پر 34 سالہ تجربہ کار بلے باز کو دوبارہ اسکواڈ کا حصہ بنایا گیا ہے۔ادھر بیماری کا شکار فاسٹ بالر ایشانت شرما فی الحال صحتیاب نہیں ہو سکے اور ان کی جگہ ہریانہ کے اسپنر جاینت یادو کو اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔

دوسری جانب سیریز میں 0-1 کے خسارے سے دوچار نیوزی لینڈ کی ٹیم مارک کریگ کے بعد اب جمی نیشام کی خدمات سے بھی محروم ہو گئی ہے جو انجری کے سبب دوسرا ٹیسٹ میچ نہیں کھیل پائیں گے۔مارک کریگ انجری کے سبب پوری سیریز سے باہر ہو چکے ہیں اور اب نیشام پسلی کی انجری کے سبب دوسرا ٹیسٹ میچ نہیں کھیل پائیں گے۔