افغانستان نے بنگلہ دیش کو دوسرے ون ڈے میں شکست دے دی

163

کپتان اصغر سٹانکزئی کی شاندار بیٹنگ کی بدولت افغانستان نے بنگلہ دیش کو دوسرے ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میچ میں دلچسپ مقابلے کے بعد 2 وکٹوں سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر کر دی، افغانستان ٹیم نے 209 رنز کا ہدف آخری اوور کی چوتھی گیند پر8 وکٹوں پر حاصل کرلیا۔

 بدھ کو شیر بنگلہ نیشنل سٹیڈیم، میرپور میں کھیلے گئے سیریز دوسرے ایک روزہ میچ میں افغانستان ٹیم کے کپتان اصغر سٹانکزئی نے ٹاس جیت کر پہلے بنگلہ دیش کو بیٹنگ کی دعوت دی تو میزبان ٹیم پہلے کھیلتے ہوئے 49.2 اوورز میں 208 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے، بنگال ٹائیگرز کا کوئی بھی بلے باز خاطرخواہ کارکردگی کا مظاہرہ نہ کر سکا، ڈیبیو کرنے والے مصدق حسین 45 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے، مشفق الرحیم 38، تمیم اقبال اور سومیاسرکار 20، 20، محموداللہ 25، شکیب الحسن 17، صابررحمان 4، کپتان مشرفی مرتضیٰ 2، تیج الاسلام 10، تسکین احمد صفر اور روبیل حسین 10 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، راشدخان نے 3 جبکہ محمدنبی اور میرواعظ نے 2، 2 نوین الحق اور رحمت شاہ نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

 جواب میں افغانستان کی ٹیم نے مطلوبہ ہدف 49.4 اوورز میں 8 وکٹوں پر حاصل کیا، 209 رنز کے ہدف کے تعاقب کیلئے افغانستان کی ٹیم جب میدان میں اتری تو اس کا آغاز مایوس کن رہا اور 63 کے سکور پر اسے ابتدائی چار کھلاڑیوں کو نقصان اٹھانا پڑا، محمدشہزاد 35، نوروز مینگل 10، رحمت شاہ صفر اور حشمت اللہ شاہدی 14 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، اس موقع پر کپتان اصغر سٹانکزئی اور محمدنبی نے ٹیم کو سہارا دیا، دونوں بلے بازوں نے پانچویں وکٹ میں 107 قیمتی رنز جوڑ کر ٹیم کو فتح کے قریب پہنچا دیا، اس کے بعدمشرفی نے محمدنبی کو آؤٹ کر کے نہ صرف اہم پارٹنر شپ توڑی بلکہ ٹیم کو اہم کامیابی بھی دلائی، نبی 49 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، اگلے اوور میں مصدق حسین نے اصغر کو آؤٹ کر کے ٹیم کو بڑی کامیابی دلائی، انہوں نے 57 رنز بنائے، 189 رنز پر افغانستان کی ساتویں وکٹ گری جب راشدخان 5 رنز بنا کر شکیب الحسن کی گیند کا نشانہ بنے، نجیب اللہ زدران آخری اوور کی تیسری گیند پر تسکین احمد کی گیند کا نشانہ بنے، انہوں نے 22 رنز بنائے، اگلی گیند پر دولت زدران نے شاندار چوکا لگا کر ٹیم کو فتح سے ہمکنار کرایا۔ میرواعظ 9 اور دولت زدران 4 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے، شکیب الحسن نے 4 جبکہ مصدق حسین نے 2، مشرفی اور تسکین احمد نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔