انتخابات میں دھاندلی یا نظام کی خرابی کے شواہد نہیں ملے،امریکی سائبر سیکورٹی

79

واشنگٹن (انٹرنیشنل ڈیسک) امریکا کی سائبر سیکورٹی ایجنسی نے انتخابات میں دھاندلی یا نظام میں خرابی کے الزامات مسترد کردیے۔ سیکورٹی ایجنسی کے مطابق 3نومبر کو ہونے والے انتخابات میں ڈیموکریٹک پارٹی کے امیدوار جو بائیڈن کامیاب قرار پائے ہیں اور انتخابات میں دھاندلی، ووٹ غائب ہونے یا تبدیل ہونے سے متعلق کوئی ثبوت نہیں ملا۔ انتخابات کے منتظم 2اداروں ’الیکشن انفرااسٹرکچر گورنمنٹ کوآرڈینیٹنگ کونسل ایگزیکٹو کمیٹی (جی سی سی) اور الیکشن انفرااسٹرکچر سیکٹر کورآرڈینیٹر کونسل (ایس سی سی) کا کہنا ہے کہ انتخابات امریکی تاریخ کے محفوظ ترین الیکشن تھے ۔ تاہم تمام متنازع ریاستوں کے پاس ریکارڈ موجود ہے اور ضرورت پڑنے پر ووٹوں کی دوبارہ گنتی کی جاسکتی ہے ۔ دوسری جانب صدر ٹرمپ نے الزام لگایا ہے کہ الیکشن میں ان کے 27 لاکھ ووٹ ضائع کیے گئے۔ انہوں نے کہا کہ پینسلوانیا میں ان کے 2 لاکھ 21 ہزار ووٹ بائیڈن کو دیے گئے۔ ادھر مبصرین کورونا وبا کے خلاف غیر موثر اقدامات، متنازع امیگریشن پالیسی اور نسل پرستی کے واقعات کی حمایت کرنے کو صدر ٹرمپ کے ہارنے کی بڑی وجوہ قرار دے رہے ہیں۔