موسم سرما: پانی کم پینے سے کیا مسائل ہوسکتے ہیں؟

247

تحقیق سے پتہ چلا ہے کہ پانی کا زیادہ سے زیادہ استعمال انسان کو مختلف طبی امراض اور پیچیدگیوں سے بچانے میں مدد دیتا ہے اور سردی کے موسم میں پانی کے استعمال میں کمی سے کئی مسائل کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

ماہرین کے مطابق موسم سرما میں خشکی اور آب و ہوا میں نمی کم ہونے کی وجہ سے جسم کو پانی کی زیادہ ضرورت ہوتی ہے اور پانی کی مناسب مقدار انسان کے جسم کے لیے اتنی ہی ضروری ہے جتنا کہ غذائیت سے بھرپور خوراک کا ہونا ہے۔

ڈائٹ کلینک سے تعلق رکھنے والے غذائیت کے ماہر عبیر ابو راجیلی سردیوں کے موسم میں خاص طور پر زیادہ پانی پینے پر زور دیتے ہیں۔

ماہرین کا ماننا ہے پانی پینے سے بہت سے مساءل سے محفوظ ریا جاسکتا ہے، وہ چند وجوہات درج ذیل ہیں:۔

اندرونی درجہ حرارت کو کم کرنے میں پانی کی اہمیت

پانی انسانی جسم کے اندرونی درجہ حرارت کو قابو میں رکھنے میں بنیادی کردار ادا کرتا ہے اور بالخصوص سردیوں کے موسم میں پانی کا استعمال زیادہ کرنا چاہیے کیونکہ ہیٹر کے سامنے زیادہ بیٹھنے سے بھی جسم میں پانی کی کمی ہو جاتی ہے۔

تھکاوٹ دور کرنے کے لیے

تھکاوٹ، سستی اور دیگر ایسے مسائل کے باعث انسانی طبیعت اکتاہٹ کا شکار ہو جاتی ہے اور ایسے افراد کو موسمی بیماریاں جیسے نزلہ زکام وغیرہ کی بھی شکایت کثرت سے کرتے ہیں جس کی عام طور پر وجہ پانی کی قلت ہوتی ہے جبکہ پانی کے زیادہ استعمال سے ایسے مسائل پر قابو پایا جا سکتا ہے۔

انسانی جلد کے لیے پانی کے فوائد

انسانی جلد اندرونی اور بیرونی طور پر سب سے حساس تصور کی جاتی ہے اور عام طور پر خواتین سردیوں میں جلد کے خشک ہونے کی شکایت کرتی ہیں، خاص طور پر جب سردی کا موسم شدت اختیار کر جائے کیونکہ سردیوں میں جسم کو پانی پورے مقدار میں نہیں ملتا جبکہ جلد میں نمی کا تناسب برقرار رکھنے کے لیے پانی کا زیادہ سے زیادہ استعمال کرنا چاہیے۔

میٹابولزم بڑھانے کے لیے پانی کی ضرورت

انسانی جسم میں درجہ حرارت کو معتدل رکھنے کے لیے پانی کا استعمال نہایت ضروری ہے اور دیگر غذاؤں کے مقابلے میں پانی کی زیادہ اہمیت ہے جبکہ جسم کے خلیوں کو پانی کی اشد ضرورت ہوتی ہے اور اس ضرورت کو لیموں پانی کے ذریعے بھی پورا کیا جا سکتا ہے۔

زہریلے مواد کا خروج

روزانہ کم از کم 8 گلاس پانی پینے سے جسم سے زہریلے مواد خارج ہوتے رہتے ہیں اور اس سے خشکی کا مقابلہ بھی ہوتا ہے اور قوت مدافعت مضبوط رہتی ہے اور اس لے ساتھ نزلہ، زکام اور دیگر ایسی بیماریوں سے بھی حفاظت مل جاتی ہے۔

خوراک ہضم کرنے کے لیے پانی کا استعمال

خوراک ہضم کرنے کے لیے جسم کو پانی کی مقررہ مقدار روزانہ چاہیے ہوتی ہے جبکہ بدہضمی کے شکار افراد اس بیماری کا علاج پانی کی کثرت استعمال سے کرسکتے ہیں اور روزانہ ایک گلاس نیم گرم پانی سے بھی حیران کن نتائج ملتے ہیں۔