مغربی کنارہ: اسرائیلی فوج اور فلسطینیوں میں جھڑپیں

108

مقبوضہ بیت المقدس (انٹرنیشنل ڈیسک) فلسطین کے مقبوضہ علاقے مغربی کنارے میں فلسطینیوں اور قابض اسرائیلی فوج کے مابین شدید جھڑپیں پھوٹ پڑیں جب کہ الخلیل میں شہر کے وسط میں واقع باب الزویہ کے علاقے میں فلسطینی نوجوانوں اور صہیونی فوجیوں کے درمیان گزشتہ روز کئی مقامات پر جھڑپیں جاری رہیں۔ اس دوران قابض صہیونی فوجیوں نے فلسطینی نوجوانوں پر آنسو گیس کے گولے، صوتی دستی بم پھینکے اور ربڑکے خول میں لپٹی دھاتی گولیاں برسائیں۔ علاوہ ازیں قلقیلیہ شہر کے شمالی داخلی دروازے پر ہونے والی جھڑپوں میں بھی قابض فوج نے طاقت کا بھرپور استعمال کیا۔ مقامی ذرائع کے مطابق دھاتی گولیاں لگنے سے 3 فلسطینی زخمی ہو گئے۔ علاوہ ازیں رام اللہ میں قابض فوج نے چھاپوں کے دوران کئی فلسطینیوں کو ربڑ کی گولیاں برسا کر زخمی کرنے کے بعد گرفتار کرلیا۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ قابض فوج نے مختلف علاقوں میں دھاوا بولا اور فلسطینیوں کو حراست میں لے لیا۔ دریں اثنا الخلیل میں زیتون کے پھل اکٹھے کرنے والے ایک فلسطینی شہری کو اسرائیلی فوج نے وحشیانہ تشدد کا نشانہ بنایا۔ مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق اسرائیلی فوج نے شمالی الخلیل میں بیت امر کے مقام پر زیتون جمع والے بزرگ پر تشدد کیا جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوگیا۔