پیپلزپارٹی نے گلگت بلتستان میں انتخابی دھاندلی کے خلاف دھرنا دے دیا

142

گلگت:پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنماؤں وارکان نے گلگت بلتستان میں دھاندلی کےخلاف گلگت میں ڈپٹی کمشنر کے دفتر کے سامنے دھرنا دے دیا۔

چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے بھی اس احتجاجی دھرنے میں شرکت کی اور وہاں دھرنے میں موجود شرکاء سے خطاب کیا،انہوں نے کہا کہ انتخابات سے قبل پیپلزپارٹی کے امیدواروں پر دباؤ ڈالا جا رہا تھا کہ وہ پارٹی چھوڑ کر پی ٹی آئی کی جانب سے انتخابات میں حصہ لیں لیکن سوائے ایک امیدوار کے باقی سارے جیالے پارٹی کے ساتھ وفادار رہے۔

انہوں نے کہا کہ جب مقتدر قوتوں نے یہ دیکھا کہ سیاچن سے لے کر گلگت تک عوام بڑی تعداد میں پیپلزپارٹی کو ووٹ دینے کے لئے تیار ہے تو وہ بوکھلا گئے،الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی کے وزراء کی غیرقانونی سرگرمیوں کی حمایت شروع کردی جہا ں تک کہ چیف الیکشن کمشنر نے ان کے اور اپوزیشن کے خلاف پریس کانفرنس کی بجائے اس کے کہ وہ حکومتی وزراء کو غیرقانونی کام کرنے سے روکتے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی کی متعدد نشستیں چرائی گئی ہیں لیکن کسی کو بھی اس پر شک نہیں ہونا چاہیے کہ ہم ایسا کرنے کی اجازت دیں گے،ہر اس جگہ جہاں دھاندلی کی گئی ہے وہاں احتجاج کیا جائے گا، ہم نہ کسی کٹھ پتلی، کسی سلیکٹڈ یا سلیکٹرکو انتخابات چوری کرنے کی اجازت نہیں دیں گے،سلیکٹرز کو یہ معلوم نہیں تھا کہ جی بی میں پی ٹی آئی کا کوئی وجود ہی نہیں،یہاںتک کہ پی ٹی آئی نے تو اپنا وزیراعلیٰ بھی نامزد نہیں کیا۔

انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کے وزیراعلیٰ امجد حسین ایڈووکیٹ ہوں گے،ہر شخص یہ جانتا ہے کہ جی بی کے عوام پاکستان پیپلزپارٹی کے ساتھ ہیں،جی بی کے عوام نے ڈوگرہ راج سے اپنے حقوق چھینے تھے اور وہ ایک مرتبہ پھر اپنے حقوق چھین لیں گے۔

چیئر مین پیپلز پارٹی نے عوام سے کہا کہ وہ اپنا احتجاج جاری رکھیں اور اگر آپ کی چھینی ہوئی سیٹیں آپ کو نہیں ملتی تو وہ عوام کی قیادت کرتے ہوئے یہ دھرنا اسلام آباد لے جائیں گے،جب تک عوام کو ان کے حقوق نہیں مل جاتے وہ کہیں نہیں جا رہے۔

 چیئرمین پی پی پی نے کہا کہ اگر یہ دھاندلی کا نتیجہ نہیں بدلا گیا تو وہ ایک انتہائی قدم اٹھائیں اور مشکل راستے کا اختیار کریں گے جو راستہ فتح کا راستہ ہے۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ انہوں نے پہلے ہی خبردار کر دیا تھا کہ اگر جی بی کے عوام کا فیصلہ نہ مانا گیا تو اس کے انتہائی مضر نتائج نکلیں گے۔