اپوزیشن دھاندلی  کے الزامات لگانے کے بجائے ثبوت دیں، چیف الیکشن کمشنر

142

اسلام آباد: چیف الیکشن کمشنر گلگت بلتستان راجہ شہباز خان نے سیاسی جماعتوں کی جانب سے انتخابات میں دھاندلی کے الزام کو یکسر مسترد کرتے ہوئے کہا کہ اگر کسی  کے ثبوت ہیں تو وہ سامنے لائیں۔

گلگت انتخابات پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے چیف الیکشن کمشنر راجہ شہباز خان نے گلگت بلتستان میں انتخابات کو پرامن قرار دیتے ہوئے کہاکہ اللہ کے کرم سے گلگت بلتستان میں پرامن انتخابات ہوئے، تاریخ کا پہلاالیکشن گزارا جو پرامن رہا۔

انہوں نے کہا کہ گلگت انتخابات تاریخ کے پرامن انتخابات ہوئے سیاسی جماعتوں کے دھاندلی کے الزامات بےبنیاد اور جھوٹ پر مبنی ہیں،سیاسی جماعتوں کے تحفظات پر جسٹس علی بیگ کی سربراہی میں الیکشن ٹریبونل تشکیل دیدیا گیا الیکشن ٹریبونل کی صوابدید ہے کہ دوسری بار الیکشن کرائے یا تیسری چوتھی بار، سیاسی جماعتیں احتجاج کا راستہ اختیار کرکے حالات خراب کرنا چاہتی ہیں، تمام جماعتیں قانون کے دائرے میں رہیں۔

چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ احسن اقبال کو چیلنج کرتا ہوں کہ دھاندلی ثابت کریں،تمام سیاسی جماعتوں کے شکوک و شبہات دور کرنے کیلئے تیار ہوں۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کو تاحال کوئی رزلٹ موصول نہیں ہوا گلگت میں ہنگاموں کی وجہ سے پوسٹل بیلٹس کی گنتی تاخیر کا شکار ہے۔

راجا شہباز خان کا کہنا تھا کہ جھوٹوں پر خدا کی لعنت! دھاندلی کا الزام لگانے والی سیاسی جماعتیں احتجاج کا راستہ اختیار کرنے کی بجائے ٹریبونل کے سامنے پیش ہوں۔