پاکستان سپر لیگ کا فائنل کل کھیلا جائے گا

183

کراچی: پاکستان سپر لیگ کا فائنل کل کراچی کنگز اور لاہور قلندرز کے درمیان کھیلا جائے گا۔

تفصیلات ےکے مطابق ایچ بی ایل پی ایس ایل 2020 کا فائنل منگل کی رات 8 بجے نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں شروع ہوگا، اس تاریخی فائنل میں روایتی حریف لاہور قلندرز اور کراچی کنگز کی ٹیمیں مدمقابل آئیں گی، دونوں ٹیمیں پہلی مرتبہ ایونٹ کے فائنل میں پہنچی ہیں۔ دونوں کپتانوں نے ایونٹ کے فائنل میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔

ایچ بی ایل پی ایس ایل میں کراچی کنگز کو لاہور قلندرز کے خلاف برتری حاصل ہے، دونوں ٹیمیں اب تک 10 مرتبہ ایک دوسرے کے مدمقابل آچکی ہیں، جہاں جیت 6 مرتبہ کراچی کنگز کے نام رہی جبکہ 4 میں لاہور قلندرز نے کامیابی حاصل کی۔

عماد وسیم، کپتان کراچی کنگز:

کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم کا کہنا ہے کہ ہم نے کوالیفائر میں بہت اچھی کرکٹ کھیلی تاہم میچ کا اختتام بہتر نہ کرسکے، اسکواڈ میں تمام کھلاڑی باصلاحیت ہیں، ہم فائنل میں بہتر کھیل پیش کرنے کی کوشش کریں گے۔

عماد وسیم نے کہا کہ ہم یہ فائنل ڈین جونز کے لیے کھیلیں گے، وہ ہمارے ڈریسنگ روم میں ایک والد سی شخصیت تھے، ہم یہ ٹرافی جیت کر انہیں خراج عقیدت پیش کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ کراچی کنگز کے اسکواڈ پر فائنل کا کوئی اضافی دباؤ نہیں، ہمارے لیے یہ بالکل ایک نئے میچ کی طرح ہے، کوشش کریں گے کہ یہاں بہترین کاکردگی کا مظاہرہ کرسکیں۔

سہیل اختر، کپتان لاہور قلندرز:

سہیل اختر نے کہا ہے کہ ایونٹ کے فائنل میں پہنچنا ہمارے لیے ایک بڑی کامیابی ہے، ہم پانچ سال سے اس دن کے لیے محنت کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ اس سال لاہور قلندرز کی کارکردگی میں ایک تسلسل ہے، ہم فائنل میں بھی شاندار کھیل پیش کریں گے۔

سہیل اختر نے کہا کہ ہمارے فینز نے مسلسل پانچ سال ہمیں اسپورٹ کیا اب ہم ایچ بی ایل پی ایس ایل فائیو کی ٹرافی اٹھا کر انہیں بہترین تحفہ دینا چاہتے ہیں۔