ابوظبی (انٹرنیشنل ڈیسک) بلدیہ دبئی کے زیر انتظام راس الخور کے علاقے میں واقع تازہ پھلوں اور سبزیوں کی مارکیٹ میں پہلی بار اسرائیلی اشیا نمایش کے لیے پیش کردی گئی ہیں۔ خبر رساں اداروں کے مطابق اس سلسلے میں باقاعدہ افتتاحی تقریب کا اہتمام کیا گیا، جس میں ڈی پی ورلڈ کے گروپ چیئرمین اور سی ای او سلطان احمد بن سلیم، وزیر اعظم کے دفترمیں تحفظ خوراک کے سربراہ عیسیٰ عبدالرحمن الہاشمی، بلدیہ دبئی کے صحت، حفاظت اور ماحولیات کے شعبے کے سی ای او خالد محمد شریف الاوادی اور دیگر اعلیٰ سرکاری عہدے داروں نے شرکت کی۔ دوسری جانب ابوظبی کی فضائی کمپنی اتحاد ائرلائن نے اعلان کیا ہے کہ وہ اسرائیل کے لیے اپنی براہ راست پروازوں کا آغاز آیندہ برس سے کرے گی۔ اس سلسلے میں جاری بیان میں وضاحت کی گئی ہے کہ تل ابیب کے لیے پروازوں کا آغاز 28 مارچ سے ہوگا اور ان کے وقت کا تعین چین، تھائی لینڈ، بھارت اور آسٹریلیا سے آنے جانے والی پروازوں کے وقت کے مطابق کیا جائے گا۔ اُدھر فلسطین میں اسلامی مزاحمتی تحریک حماس نے امارات کو اسرائیل نوازی پر کڑی تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔