حکومت کا ہفتہ شان رحمت ﷺ منانا خوش آئند ہے ،مجلس احرار اسلام

87

لاہور (نمائندہ جسارت) مجلس احرا ر اسلام پاکستان کے رہنماؤں نے ہفتہ شان رحمت اللعٰلمین ﷺ صوبائی سطح پر منانے کے انتظامات حکومت کی طرف سے کرنے کے عمل کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ جناب رسالت مآب ﷺ کی شان بیان کرنے کے لیے ان حالات میں اجتماعات کا ہونا مسلمانوں کے جذبات کی ترجمانی ہے۔ مجلس احرار اسلام پاکستان کے نائب امیر سید محمد کفیل بخاری نے کہا ہے کہ حضور پر نور ﷺ کی تعلیمات کی طاقت سے سماجی برائیوں کا خاتمہ ہوسکتا ہے اور حضور نبی کریم ﷺ کی شان بیان کرنا تعلیمات رسول ﷺ کو فروغ دینے کے مترادف ہے ۔ سیکرٹری جنرل عبداللطیف خالد چیمہ نے کہا ہے کہ حضور ﷺ کا اسوۂ حسنہ ہمارے لیے عملی نمونہ ہے ان اجتماعات کے ذریعے ہم نوجوان نسل تک آپ ﷺ کی تعلیمات کو پہنچا سکتے ہیں اور ان حالات میں جبکہ دنیائے کفر حضور ﷺ کی گستاخی کرنے کو اپنا حق کہہ رہا ہے حضور ﷺ کی سیرت بیان کرنے کی محافل کو فروغ دینا بہت ہی خوش آئند ہے۔ ڈپٹی سیکر ٹری جنرل میاں محمد اویس نے کہا ہے کہ حضور سرور کونین ﷺ کی شان بیان کرنا ہمارے ایمان کا حصہ ہے اوران حالات میں جبکہ عالم کفر حضور ﷺ کے خاکے بنانے کو اپنا حق سمجھ رہاہو ،حضور ﷺ کی سیرت کی نسبت سے حکومتی سطح پر اعلان کرنا عالم کفر کو حقیقت بتانے کی طرف ایک قدم ہے ۔قاری محمد قاسم بلوچ نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے ہفتہ شان رحمت اللعالمینﷺ منانے کا اعلان کر کے پاکستانی مسلمانوں کے دل جیت لیے ہیں ۔ان رہنماؤں نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم حکومت سے امید کرتے ہیں کہ وہ سال بھر اسی طرح کی محافل کا انعقاد کرتی رہے گی اور سیرت پاکﷺ کو محض بیان کرنے کے بجائے اپنانے کی کوشش بھی کی جائے گی ۔انہوںنے کہا کہ سیرت نبویﷺ کا تقاضا ہے کہ منکرین ختم نبوت کو نکیل ڈالی جائے اور قادیانی ریشہ دوانیوں کا سد باب کیا جائے۔