وِلمنگٹن (انٹرنیشنل ڈیسک) نومنتخب امریکی صدر جو بائیڈن نے کہا ہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے شکست تسلیم کرنے سے انکار اور اقتدار کی منتقلی میں تاخیر کے نتیجے میں کورونا عالمگیر وبا کے باعث اموات زیادہ ہوسکتی ہیں۔ بائیڈن نے اپنے آبائی قصب ولمنگٹن میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ اگر ہمیں منصوبہ بندی کے لیے 20 جنوری تک انتظار کرنا پڑا تو ہم بہت پیچھے چلے جائیں گے، کیوں کہ انتہائی سرد موسم آنے والا ہے اور اس دوران اگر عالمی وبا پر قابو نہ پایا گیا تو اس کے سنگین نتائج برآمد ہوں گے، لہٰذا ضروری ہے کہ کورونا پر قابو پانے کے لیے سرگرمیاں اور اقدامات بروقت کیے جائیں، جب کہ صدر ٹرمپ اس سلسلے میں کچھ بھی نہیں کررہے، وہ اب تک صرف گالف کھیل رہے ہیں۔ واضح رہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ انتخابات میں اپنی شکست تسلیم کرنے پر تاحال تیار نہیں، جس کی وجہ سے نو منتخب صدر جو بائیڈن کی ٹیم کو کئی انتہائی اہم امورپر منصوبہ بندی کرنے میں دشواریاں پیش آرہی ہیں، جن میں کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کی ویکسین کی تقسیم کا مجوزہ منصوبہ بھی شامل ہے۔ ٹرمپ انتظامیہ نے اب تک بائیڈن کو باضابطہ نو منتخب صدر کے طورپر تسلیم نہیں کیا ہے جس کا مطلب ہے کہ بائیڈن اور ان کی ٹیم کو قومی سلامتی کے امور پر انٹیلی جنس بریفنگ تک بھی رسائی حاصل نہیں ہو سکتی۔