اردن، امارات اور بحرین کے رہنماؤں کا اجلاس

63

ابوظبی (انٹرنیشنل ڈیسک) اردن کے شاہ عبداللہ دوم اور بحرین کے شاہ حمد بن عیسیٰ خلیفہ نے ابوظبی کے ولی عہد شیخ محمد بن زاید النہیان سے ملاقات کی۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق شاہ بحرین منگل کے روز ابوظبی پہنچے تھے، جہاں اماراتی فوج کے نائب سربراہ شیخ محمد بن زاید النہیان اور دیگر اعلیٰ عہدے داروں نے ان کا خیر مقدم کیا۔ ملاقات کے دوران شیخ محمد نے شہزادہ خلیفہ بن سلمان خلیفہ کی وفات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ متحدہ عرب امارات اور بحرین کے اسرائیل کے ساتھ امن معاہدوں کے بعد ان رہنماؤں کا یہ پہلا دورہ ہے۔ تینوں رہنماؤں کے درمیان اجلاس کے دوران خطے کی صورت حال اور تعلقات پر بات چیت ہوئی۔ امریکا میں تعینات اماراتی سفیر یوسف عتیبہ کا کہنا تھا کہ امارات اور اسرائیل کے درمیان امن معاہدے سے اردن کو براہِ راست فائدہ پہنچے گا اور اس کے استحکام کو تقویت ملے گی۔ دوسری جانب شیخ محمد بن زاید نے اسرائیلی صدرریوین ریولن کو باضابطہ طور پر امارات کے دورے کی دعوت دے دی۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق جواب میں اسرائیلی صدر نے شیخ محمد کو ایک خط بھیجا،جس میں انہیں بھی اسرائیل آنے کی دعوت دی گئی تھی۔