ادیس ابابا (انٹرنیشنل ڈیسک) افریقی ملک ایتھوپیا میں علاحدگی پسند ملیشیا ٹیگرائے فرنٹ سے تعلق کے شبہے میں 76 فوجی افسران کو حراست میں لے لیا گیا۔ خبررساں اداروں کے مطابق ٹیگرائے فرنٹ اور ایتھوپیا کی فوج کے درمیان 2ہفتے سے لڑائی جاری ہے۔ ماہرین نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ یہ لڑائی ملک کے دوسرے علاقوں تک پھیل سکتی ہے۔ بدھ کے روز ایتھوپیا کی حکومت نے لڑائی روکنے کے لیے عالمی برادری کی تمام اپیلیں مسترد کردیں اور اپنی فوج کو باغیوں کے مرکز صوبے ٹیگرائے کی طرف پیش قدمی کا حکم دیا تھا۔ 4 نومبر سے جاری لڑائی میں کئی افراد ہلاک اور 30 ہزار افراد سوڈان ہجرت پر مجبور ہو گئے۔