واشنگٹن (انٹرنیشنل ڈیسک) امریکی اخبار نیویارک ٹائمز نے دعویٰ کیا ہے کہ فلسطینی اتھارٹی نے نئی امریکی انتظامیہ، نو منتخب صدر جو بائیڈن اور اسرائیل کی خوشنودی کی خاطر فلسطینی شہدا اور قیدیوں کے اہل خانہ کی مالی کفالت ختم کرنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔ اخبار کے مطابق امریکی ڈیموکریٹک پارٹی کے رہنماؤں کی طرف سے بار بار فلسطینی اتھارٹی کو دھمکی آمیز پیغام دیا گیا تھا کہ وہ اسرائیل کے خلاف لڑتے ہوئے مارے جانے والے فلسطینیوں اور اسرائیلی جیلوں میں قید افراد کے اہل خانہ کی مالی کفالت بند کردیں۔