انقرہ (انٹرنیشنل ڈیسک) بحیرہ روم میں تعینات یورپی یونین کی ماتحت جرمن فوج کی جانب سے ترک جہاز کو روک کر تلاشی کی کوشش اور عملے سے ہتک آمیز سلوک کرنے پر انقرہ نے یورپی یونین سے احتجاج کیا ہے۔ خبر رساں اداروں کے مطابق دارالحکومت انقرہ میں متعین یورپی یونین، اطالوی اور جرمن ناظم الامور کو امور خارجہ میں طلب کرتے ہوئے ایرینی آپریشن کے تحت ترک جہاز میں ناجائز مداخلت پر احتجاج کیا گیا۔ علاوہ ازیں واقعے میں ملوث ممالک کو ایک احتجاجی مراسلہ بھی روانہ کیا گیا ہے، جس میں حالیہ کارروائی کو عالمی قوانین کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے ہرجانے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔