ریاض: سعودی عریبین مانیٹرنگ اتھارٹی (ساما) نے قرضہ ضوابط کی خلاف ورزی کرنے پر 30 مالیاتی اداروں کے خلاف تادیبی کارروائی کی ہے۔
بین الاقوامی میڈیا کے مطابق سعودی عریبین مانیٹرنگ اتھارٹی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ساما کو یہ اختیار حاصل ہے کہ وہ مالیاتی اداروں کی نگرانی کرے اور قواعد کی خلاف ورزی کرنے پر تادیبی کارروائی کی جائے۔
سعودی عریبین مانیٹرنگ اتھارٹی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ضابطے کے مطابق قرضے لینے اور کریڈٹ سہولتیں پانے والے افراد سے ماہانہ قسط ان کی مجموعی آمدنی کے تناسب سے وصول کی جائے جبکہ اس حوالے سے خلاف ورزی کرناقابل گرفت جرم میں شمار کیا جاتا ہے۔
ساما نے تنبیہ کی ہے کہ ایسے خلاف ورزی کرنے والے اداروں پر مختلف پابندیاں لگانے کا اس کو اختیار ہے جبکہ خلاف ورزیاں دہرانے اور اصلاح حال نہ کرنے پر متعلقہ پیکیج جاری کرنے پر پابندی لگائی جا سکتی ہے۔
دوسری جانب سعودی عریبین مانیٹرنگ اتھارٹی نے اداروں کو تاکید کی کہ وہ مروجہ ضوابط کی پابندیاں کریں اور کھاتے داروں کے حقوق اور مفادات کو کسی بھی حالت میں نقصان پہنچانے سے گریز کریں۔