ماسکو (انٹرنیشنل ڈیسک) روس میں سیکورٹی فورسز نے دعویٰ کیا ہے کہ دارالحکومت ماسکو میں دہشت گرد حملوں کے منصوبے کو ناکام بنا دیا گیا ہے۔ خبر رساں اداروں کے مطابق حکام کا کہنا ہے کہ ان حملوں کی منصوبہ بندی دہشت گرد تنظیم داعش نے کی تھی۔ روسی میڈیا نے وفاقی سیکورٹی ادارے کے حوالے سے تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ کارروائی کے بعد ایک شدت پسند گروپ کو تحلیل کر دیا گیا ہے جب کہ چھاپا مار کارروائی میں ایک شخص کو گرفتار کیا گیا ہے، جس نے مبینہ طور پر ان حملوں پر عمل کی منصوبہ بندی کی تھی۔ اس دوران ایک دیسی ساختہ بم بھی برآمد کیا گیا۔ وفاقی سیکورٹی ادارے نے اپنے بیان میں واضح کیا ہے کہ اہل کار ماسکو ریجن کے پڑوس میں واقع ولادی میر ریجن میں مذکورہ گروپ کے ایک رکن کو گرفتار کرنے میں کامیاب رہے۔ زیر حراست شخص کا تعلق وسطی ایشیا کی ایک ریاست سے ہے، تاہم بیان میں دیگر مشتبہ افراد کی موجودگی کی جگہ سے متعلق تفصیلات نہیں بتائی گئیں۔ بیان کے مطابق شدت پسندوں کی قیام گاہ سے ایک دھماکا خیز آلہ بھی برآمد ہوا ہے، جب کہ دیگر اشیا اور دستاویزات بھی قبضے میں لی گئی ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ ایسی معلومات سامنے آئی ہیں جن سے ثبوت ملتا ہے کہ اس گروپ نے لوگوں کو بھرتی کرنے اور دہشت گردوں کے لیے مالی رقوم جمع کرنے کا کام کیا۔