سوڈان کے سابق وزیر اعظم صادق المہدی انتقال کرگئے

145

خرطوم: سوڈان کے اہم رہنما اور سابق وزیر اعظم صادق المہدی کی کورونا وائرس سے موت ہوگئی ہے،  وہ پچھلے تین ہفتے سے متحد ہ عرب امارات کے ایک اسپتال میں زیر علاج تھے۔

تفصیلات کے مطابق  سوڈان میں جمہوری طور پر منتخب آخری وزیر اعظم 84 سالہ صادق المہدی جمعرات کو انتقال کرگئے  ہیں جبکہ ان کے اہل خانہ اور پارٹی کی طرف سے جاری بیان کے مطابق کورونا وائرس کے انفیکشن سے متاثر ہونے کے بعد تین ہفتے قبل انہیں متحدہ عرب امارات میں ایک اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔

رپورٹس کے مطابق صادق المہدی کے گھر والوں نے گزشتہ ماہ بتایا تھا کہ کووڈ۔19 کی جانچ میں وہ پازیٹیو پائے گئے ہیں اور انہیں سوڈان میں چند دنوں اسپتال میں رکھنے کے بعد بہتر علاج کے لیے متحدہ عرب امارات منتقل کردیا گیا تھا اور  وہ پچھلے تین ہفتے سے متحد ہ عرب امارات کے ایک اسپتال میں زیر علاج تھے۔

یاد رہےفوج نے 1989میں وزیر اعظم صادق المہدی کا تختہ پلٹ دیا تھا اور ان کی جگہ سابق صدر عمر البشیر کو اقتدار پر بٹھا دیا تھاجبکہ اقتدار سے معزول کر دیے جانے کے باوجود مہدی سوڈان کی سیاست میں کافی موثر شخصیت رہے ہیں  اور عمر البشیر کے دور میں مہدی کی اعتدال پسند امّہ پارٹی سب سے بڑی اپوزیشن سیاسی جماعت رہی ہے۔

واضح رہے امّہ پارٹی کی جانب سے بیان میں کہا گیا ہے کہ صادق المہدی کی تدفین جمعے کے روز سوڈان کے عمدرمان شہر میں کی جائے گی۔