اجازت نہ ملنے کے باوجود پی ڈی ایم ملتان جلسہ کرنے پر بضد

43

ملتان( آن لائن)انتظامیہ کی جانب سے اجازت نہ ملنے کے باوجود پی ڈی ایم ملتان جلسہ کرنے پر بضدہے جبکہ مسلم لیگ ن کی اجانب سے جتماع کی تاریخ آگے بڑھانے کی درخواست کے باوجود پی ڈی ایم نے 30 نومبر کو ہی جلسہ کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔تفصیلات
کے مطابق ڈپٹی کمشنر ملتان عامر خٹک نے 30 نومبر کو ملتان میں پاکستان پی ڈی ایم جلسہ کی درخواست مسترد کر دی ہے۔ڈپٹی کمشنر کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کے باعث حکومت پنجاب نے عوامی اجتماعات پر پابندی لگا رکھی ہے۔ ادھر ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ن کی جانب سے نوازشریف اور شہباز شریف کی والدہ کے انتقال کے باعث ملتان جلسہ 30 نومبر سے آگے بڑھانے کی درخواست کی گئی تھی۔ والدہ کے انتقال پر نواز شریف نے سیاسی سرگرمیاں معطل کر دیں ہیں ۔نواز شریف ملتان جلسے سے خطاب نہیں کریں گے۔ ذرائع کا کہناہے کہ ن لیگ کی درخواست کے باوجود پی ڈی ایم میں شامل جماعتیں مقررہ تاریخ پر ہی کرنے کو تیار ہیں۔پیپلز پارٹی کا جلسہ 30 نومبر کو ہی کرنے کا پلان برقرار ہے۔پی ڈی ایم قیادت جلسے سے خطاب کرے گی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ نوازشریف کی والدہ شمیم اختر کی وفات کے بعد لاہور جلسہ متاثر ہونے کا امکان ہے ۔ذرائع نے مزید بتایا کہ پیپلز پارٹی کی جانب سے محسن داوڑ کو ملتان جلسے میں شرکت کی درخواست کی تھی تاہم پی ڈی ایم قیادت نے پیپلز پارٹی کی درخواست مسترد کردی ۔ محسن داوڑ نے خود بھی آئندہ پی ڈی ایم کے کسی بھی جلسے میں شرکت نہ کرنے اورپی ڈی ایم سے بھی لاتعلقی کا اعلان کر دیا ہے ۔