برازیل: بس اور ٹرک میں خوفناک تصادم‘ 40 افراد ہلاک

90
برازیلیا: بس اور ٹرک میں تصادم کے بعد سامان بکھرا ہوا ہے، اہل کار جائے حادثہ کا معاینہ کررہے ہیں

برازیلیا (انٹرنیشنل ڈیسک) برازیل میں بس اور ٹرک کے درمیان ہول ناک تصادم کے نتیجے میں 40افراد ہلاک ہوگئے۔ خبررساں اداروں کے مطابق واقعہ ساؤ پولو شہر سے 350کلو میٹر کے فاصلے پر ٹیگوائی علاقے میں پیش آیا۔ ٹیکسٹائل کمپنی کی بس ملازمین کو لے کر جارہی کہ راستے میں حادثے کا شکار ہوگئی۔ مقامی حکام کا کہنا ہے کہ بس میں 50افراد سوار تھے،جن میں 37موقع ہی پر ہلاک ہوگئے۔ زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا،جہاں 3افراد دوران علاج دم توڑ گئے۔ زخمیوں میں بعض کی حالت نازک ہے اور حکام نے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی تحقیقات شروع کردی گئی ہے،تاہم ابتدائی طور پر معلوم نہیں ہوسکا کہ بس کی ٹرک کے ساتھ ٹکر کیوں کر ہوئی۔ زخمیوں میں بس کا ڈرائیور بھی شامل ہے اور حالت بہتر ہونے پر اسے تفتیش میں شامل کیا جائے گا۔ حادثے کے بعد کئی افراد بس اور ٹرک کے درمیان پھنسے رہے اور امدادی اہل کاروں نے بڑی مشکل سے انہیں باہر نکالا۔ ادھر ساؤپولو کی گورنر جاؤ ڈوریا نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ اس بات کا کوئی واضح اشارہ نہیں ملا کہ حادثے کی وجہ کیا ہوسکتی ہے ۔ انہوں نے بھیانک حادثے میں ہلاک ہونے والوں کے لواحقین سے تعزیت کرتے ہوئے گہرے دکھ کا اظہار کیا۔