مقبوضہ بیت المقدس (انٹرنیشنل ڈیسک) قابض اسرائیلی فوج نے مغربی کنارے میں جمعہ کے روز علی الصبح چھاپا مار کارروائیوں کے دوران 10 فلسطینیوں کو گرفتارکر لیا جب کہ رام اللہ میں ایک اسپتال پر دھاوا بول دیا۔ مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق صہیونی فوجیوں نے نابلس کے مشرق میں واقع بیت دجان قصبے میں کئی گھروں میں توڑ پھوڑ کی اور شہریوں کو گرفتار کیا۔ رام اللہ کے مشرق میں ترموساب کے ہوگوشاویز اسپتال پر ہلہ بولتے ہوئے اسرائیلی اہل کاروں نے قیمتی سامان توڑ دیا۔ دریں اثنا اسرائیلی پولیس نے مقبوضہ بیت المقدس میں مسجد اقصیٰ کے قریب سے 2 نوجوانوں کو حراست میں لے کر تفتیشی مرکز منتقل کردیا۔ علاوہ ازیں قابض فوج نے مقبوضہ مغربی کنارے اور بیت المقدس میں تلاشی کے دوران 15 فلسطینیوں کو حراست میں لے لیا۔ اس دوران غرب اردن کے شمالی شہر جنین میں قباطیہ کے مقام پر فلسطینیوں اور قابض فوج کے درمیان مسلح تصادم میں کئی افراد زخمی ہوگئے۔