بھارت بمقابلہ نیوزی لینڈ دوسرا ٹیسٹ، پوجارا اور راہانے نے بھارت کو تباہی سے بچا لیا

226

بھارت نے نیوزی لینڈ کے خلاف دوسرے کرکٹ ٹیسٹ میچ کے پہلے روز کھیل کے اختتام تک اپنی پہلی اننگز میں 7 وکٹوں پر 239 رنز بنا لئے۔

جمعہ کو کولکتہ میں شروع ہونے والے سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میچ میں بھارتی ٹیم کے قائد ویرات کوہلی نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو میزبان ٹیم کی اننگزکا آغاز مایوس کن رہا اور 46 کے سکور پر اسے ابتدائی 3 کھلاڑیوں کا نقصان اٹھانا پڑا، شیکھردھون 1، مرلی وجے 9 اور کپتان ویرات کوہلی 9 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، اس موقع پر چیتشور پوجارا اور اجنکیاراہانے نے میدان سنبھالا، دونوں بلے بازوں نے ڈٹ کر حریف باؤلرز کا مقابلہ کیا اور چوتھی وکٹ کی شراکت میں 141 اہم رنز جوڑ کر ٹیم کا سکور 187 تک پہنچا دیا، اسی دوران دونوں بلے بازوں نے اپنی اپنی نصف سنچریاں بھی مکمل کیں، یہاں پر واگنر نے پوجارا کو آؤٹ کر کے نہ صرف اہم پارٹنر شپ کا خاتمہ کیا بلکہ ٹیم کو بڑی کامیابی بھی دلائی، پوجارا 87 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، روہت شرما بیٹنگ کا جادو چلانے میں ناکام رہے اور 2 رنز بنا کر چلتے بنے، راہانے بھارت کے چھٹے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 77 رنز بنا کر پٹیل کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئے، 231 کے سکور پر بھارت کی ساتویں وکٹ گری جب ایشون 26 رنز بنا کر ہنری کی گیند کا نشانہ بنے، اس کے بعد وریدیمن ساہا اور روندرا جدیجا نے مزید نقصان نہ ہونے دیا، اسطرح پہلے روز جب کھیل ختم ہوا تو بھارت نے 7وکٹوں پر 239 رنز بنا لئے تھے، ساہا 14 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں، میٹ ہنری نے 3، جیتن پٹیل نے 2 جبکہ ٹرینٹ بولٹ اور نیل واگنر نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔