امریکا نے روس اور چین کی 4کمپنیوں پر پابندیاں لگا دیں

59

واشنگٹن (انٹرنیشنل ڈیسک) امریکا نے ایرانی میزائل پروگرام میں مدد فراہم کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے چین اور روس کی کمپنیوں پر معاشی پابندیاں عائد کرنے کا اعلان کیا ہے۔ خبر رساں اداروں کے مطابق امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو کے گزشتہ روز جاری بیان میں 4 کمپنیوں پر ایران کے میزائل پروگرام کے لیے حساس معلومات اور ٹیکنالوجی منتقل کرنے کا الزام لگایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کمپنیوں پر امریکی حکومت کی امداد اور برآمدات پر 2 برس کی پابندیاں عائد کی گئی ہیں۔ زد میں آنے والی چین کی 2 کمپنیوں میں چینگدو بیسٹ نیو میٹیریلز اور زیبو ایلیم شامل ہیں جب کہ روس کی 2 کمپنیوں نیلکو گروپ اور جوائنٹ اسٹاک کمپنی ایلکون پر پابندیاں عائد کی گئی ہیں۔ امریکی وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ واشنگٹن ایران کی میزائل بنانے کی کوششوں کے خلاف اقدامات جاری رکھے گا اور تہران کو مدد فراہم کرنے والوں کے خلاف معاشی پابندیاں نافذ کرنے کا اختیار استعمال کرتا رہے گا۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کئی بار دھمکی دے چکے ہیں کہ جو ممالک یا کمپنیاں ایران سے متعلق امریکی پالیسیوں پر عمل نہیں کریں گی، ان پر پابندیوں کا سلسلہ جاری رہے گا۔ واضح رہے کہ ٹرمپ کے دور میں امریکا ایران تعلقات شدید تناؤ کا شکار رہے ہیں۔