ریاست مدینہ کا نعرہ لگا کر دین کو بد نام کیا جارہا ہے ،صاحبزادہ ابو الخیر

46

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر)جمعیت علما پاکستان و ملی یکجہتی کونسل کے صدر ڈاکٹر صاحبزادہ ابوالخیرمحمدزبیر نے جامع مسجد صدیق اکبرمیںجے یو پی لطیف آباد کے زیر اہتمام گیارہوںشریف کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ریاست مدینہ کا نعرہ لگا کردین کو بدنام اور عوام کو بدحال کیا جارہا ہے کرپشن ،بے روزگاری،مہنگائی ،بجلی اور گیس کی لوڈ شیڈنگ ختم کرنے کا دعویٰ کر کے خان صاحب اقتدار میں آئے تھے اس وقت کرپشن ،بے روزگاری،مہنگائی ،بجلی اور گیس کی لوڈ شیڈنگ عروج پر پہنچ چکی ہے کرپٹ اور خائن افرادحکومت کی صفوں میں موجود ہیں عوام کو نان جویں سے بھی محروم کردیا گیابھارت مسلسل LOCپر جارحانہ حملے کررہا ہے کشمیری مسلمانوں پر ظلم و ستم کے پہاڑ توڑے جارہے ہیں مگر افسوس حکومت داخلی اور خارجی محاذپر مکمل طور پرناکام ہوچکی ہے۔ انہوںنے کہا کہ جن کے دل عشق مصطفی سے سرشار ہوتے ہیں اللہ انہیں مخلوق کا محبوب بنادیتا ہے حضرت علامہ جمیل احمد نعیمی نے محبت رسول ﷺکی عالمگیر تحریک انجمن طلبا اسلام کی بنیاد رکھی اور لاکھوں نوجوانوںکے قلوب عشق مصطفیٰ ﷺ سے منور کیے محبت رسول ﷺ کے طفیل غلامی رسول ﷺ میں موت بھی قبول ہے کا جذبہ موذن کیااور حضرت علامہ خادم حسین رضوی نے ناموس رسالت ﷺاور ختم نبوت ﷺکے محاذ پر چوکیداری کی اللہ نے ان دونوں بزرگوں کو محبت رسول ﷺ کے طفیل مخلوق خدا کامحبوب بنادیا۔انہوں نے کہا کہ حضرت غوث اعظم سیدنا محی الدین عبدالقادرجیلانی رحمۃ اللہ علیہ مادرزادولی کامل تھے اللہ نے انہیں بے پناہ فیض و کمالات عطا فرمائے جوانہیں عشق مصطفیٰ ﷺ کے طفیل نصیب ہوئے۔ انہوںنے کہا کہ اس ملک کی تقدیر بدلنے کیلیے اللہ کے ولیوں کے نقش قدم پر چلتے ہوئے پاکستان میں نظام مصطفیٰ ﷺ کے عملی نفاذ کی جدوجہد کو تیز کرنا ہوگامدینہ طیبہ کے بعد پاکستان واحد اسلامی ملک ہے جو کلمہ کی بنیاد پر قائم ہوا اس ملک کو حقیقی اسلامی فلاحی مملکت بنانے اور سیکولر نظریات سے نجات دلانے کیلیے نوجوان میدان عمل میں نکل کر قریہ قریہ نظام مصطفیٰ ﷺ کا پیغام پہنچائیں ان شاء اللہ اس ملک میں نظام مصطفیٰ ﷺ کا سورج جلد طلوع ہوگا ۔کانفرنس میں پیر سعید احمد شاہ چشتی سنگھانوی،ناظم علی آرائیں ،ڈاکٹر محمد یونس دانش ،مفتی محمد اسلم مدنی ،ارشاد حسین نقشبندی ،قاری محمد اعظم ،مولانا محبوب زبیر ،صدام حسین ، قاری طلعت محمود ،عبدالرئوف الوانی ،محمد رضوان ،علامہ صلاح الدین،مولانا افضال راٹھور،مولانا نصیر قاسمی اورقاری غلام سرور امینی نے بھی شرکت کی۔