راولپنڈی: وفاقی وزیر برائے ریلوے شیخ رشید احمد کا پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے جلسوں سے متعلق کہنا ہے کہ جلسوں سے عمران خان کی حکومت نہیں جائے گی۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ اللّٰہ نہ کرے عمران خان مائنس ہوں اور وہ 5 سال پورے کریں گے، عمران خان کہہ چکے ہیں جبکہ نیب اور این آراو کے سوا دیگر معاملات پر بات چیت کے لیے تیار ہیں۔
شیخ رشید نے جے یو آئی (ف) کے صدر مولانا فضل الرحمٰن کے متعلق بات کرتے ہوئے کہاکہ فضل الرحمان نے لاٹھی کا جواب لاٹھی سے دینے کا کہا ہے اور یہ لاٹھی نہیں قانون کی عملداری ہے جبکہ یہ کورونا سے بچانے کا اہتمام ہے، فضل الرحمٰن بند گلی میں داخل نہ ہوں، بند گلی کے بعد حادثات شروع ہوتے ہیں۔
وزیر ریلوے شیخ رشید نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ شہبازشریف نے قومی سطح پرمذاکرات کی اچھی بات کی،شہبازشریف اور نوازشریف کے بیانیے میں واضح فرق ہے اور ن لیگ میں بھی بہت لوگ یہ نہیں چاہتے اداروں کے نام لے کر بات کی جائے،دنیا بھر میں سیاست میں اداروں کاکردار ہوتا ہے۔
شیخ رشید نے کہاکہ مہنگائی تھی ہم اس کو کنٹرول کررہے ہیں، چینی اورآٹے کی قیمتوں میں کمی آئی ہے،قوم یہ بھی سوچے ماضی کے کرپٹ لیٹروں کی وجہ سے مہنگائی ہوئی ہے، کون وزیراعظم چاہتا ہے کہ ملک میں مہنگائی ہو۔
دوسری جانب وزیر ریلوے نے کہاکہ پاک فوج ملکی سرحدوں پرجاری صورتحال سے غافل نہیں، پاکستان کوسرحد سے کوئی خطرہ نہیں، اندورنی خطرہ ہے،خطے کی صورتحال میں کل آئی ایس آئی ہیڈکوارٹر میں میٹنگ ہوئی ہے ،خطے کی صورتحال پر ہماری آنکھیں کھلی ہیں ،انٹرنیشنل سیاست پاکستان کو عدم استحکام کاشکار کرنا چاہتی ہے،انہوں نے کہاکہ جس کابینہ میں شیخ رشید ہو اس میں اسرائیل کبھی تسلیم نہیں ہوسکتا۔
واضح رہے پی پی چیئر مین بلاول بھٹو زرداری سے متعلق کہنا تھا کہ بلاول کو پشاور سے کورونا ہوا تھا اور کورونا کے مرض میں رہا ہوں جبکہ کورونا موذی بیماری ہے اور میں کورونا کے باعث زیادہ دیر بات نہیں کرسکتا۔