صدر مملکت نے ظفر اللہ جمالی کے انتقال کی غلط خبر ٹوئٹ کردی

178

اسلام آباد: صدر مملکت عارف علوی نے ٹوئٹر پر سابق وزیراعظم میر ظفر اللہ خان جمالی کی وفات کی غلط خبر پر تعزیتی بیان جاری کیا تاہم کچھ ہی دیر بعد اسے ڈیلیٹ کردیا۔

بعد ازاں نئی ٹوئٹ میں صدر مملکت نے ٹوئٹ ڈیلیٹ کرنے کی وضاحت کی اور کہا کہ ٹوئٹ غلط معلومات کی بنیاد پر کیا گیا اپنا ٹوئٹ ہٹادیا ہے، میر ظفراللہ خان جمالی کے اہل خانہ سے معذرت خواہ ہوں۔انہوں نے کہا کہ میر ظفراللہ خان جمالی وینٹی لیٹر پر ہیں۔ صدر مملکت نے کہا کہ میں نے عمرجمالی سے بات کی جنھوں نے بتایا کہ ظفراللہ جمالی وینٹی لیٹر پر ہیں، اللہ تعالیٰ میر ظفراللہ جمالی کو جلد صحت کاملہ عطاء فرمائے۔

خیال رہے کہ سابق وزیراعظم کو گزشتہ رات دل کا دورہ پڑنے پر راولپنڈی کےاسپتال میں منتقل کیا گیا تھا، میرظفراللہ جمالی اے ایف آئی سی کے سی سی یو میں زیرعلاج ہیں، ان کی حالت تشویش ناک ہے۔

میرظفر اللہ جمالی پاکستان کے 15 ویں وزیراعظم تھے، وہ ایک سال 7 ماہ سے زائد عرصے تک اس عہدے پر فائز رہے۔