نیو یارک (انٹرنیشنل ڈیسک) اقوامِ متحدہ کے مطابق کورونا وائرس کے باعث دنیا بھر میں انسانی بنیادوں پر مدد کے منتظر افراد میں 40 فی صد اضافہ ہوا ہے۔ ان افراد میں سے بیشتر کی مدد کے لیے اقوامِ متحدہ نے 35 ارب ڈالرز کی مدد کی اپیل کررکھی ہے۔ عالمی ادارے کے امدادی پروگرام یو این ایڈ کے سربراہ مارک لوکوک کا کہنا ہے کہ آیندہ برس تک دنیا بھر میں امداد کے منتظر افراد کو اگر ایک جگہ جمع کر دیا جائے تو یہ عالمی سطح پر پانچویں بڑی قوم ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ کورونا نے کمزور ممالک کو زیادہ متاثر کیا ہے۔ اقوام متحدہ کے تخمینے کے مطابق کورونا کی عالمی وبا کے باعث آیندہ سال دنیا بھر میں ریکارڈ 23 کروڑ 50 لاکھ افراد کو انسانی امداد کی ضرورت ہو گی۔عالمی ادارے کے دفتر برائے انسانی امور رابطہ کاری اوچا نے خوراک کی تقسیم اور ویکسین لگانے سمیت انسانی امداد پر منگل کے روز جاری رپورٹ میں انکشاف کیا ہے کہ کورونا کے پھیلاؤ کی وجہ سے مزید افراد بیروزگار ہو رہے ہیں۔