آرمینیا کے خالی کیے گئے آخری ضلعے میں آذری پرچم لہرا گیا

127
باکو: آذربائیجان کے فوجی آرمینیا کے خالی کیے گئے علاقے میں اپنا پرچم لہرا رہے ہیں

باکو (انٹرنیشنل ڈیسک) آرمینیا کی جانب سے امن معاہدے کے تحت خالی کے گئے آخری ضلعے میں آذربائیجان کی فوج منگل کے روز داخل ہو گئی ہے۔ اس سلسلے میں وزارتِ دفاع نے ایک وڈیو جاری کی ہے جس میں لاچن ضلع میں کئی عسکری ٹرک داخل ہوتے دکھائی دے رہے ہیں، جن پر آذربائیجان کے پرچم لہرا رہے ہیں۔ خبر رساں اداروں کے مطابق روس کی معاونت سے آرمینیا اور آذربائیجان نے گزشتہ ماہ جنگ بندی کا معاہدہ کیا تھا، جس کے تحت آرمینیا نے متنازع علاقے نگورنو کاراباخ کے 3 اضلاع اغدم، لاچن اور کالباجار کو آذربائیجان کے حوالے کرنے پر آمادگی ظاہر کی تھی۔ اغدم اور کالباجار کی طرح لاچن کے رہایشیوں نے بھی آذربائیجان کی فوج کے داخل ہونے سے پہلے علاقے سے نقل مکانی کر لی ہے جب کہ بعض رہایشیوں نے گھر بار چھوڑنے سے پہلے اُنہیں آگ بھی لگا دی۔ مقامی افراد کا کہنا ہے کہ اُنہیں شام 6 بجے کا وقت دیا گیا تھا کہ وہ ہجرت کر سکتے ہیں۔ امن معاہدے کے تحت روس کے 2 ہزار افراد پر مشتمل امن دستے 60 کلو میٹر طویل اُس سرحد پر تعینات ہیں جو لاچن کو کاراباخ کے مرکزی شہر سٹیپناکارٹ سے الگ کرتی ہے اور یہ سرحد آرمینیا سے جا ملتی ہے۔مقامی عہدے دار دیوت داوتیان کے مطابق بعض افراد نے علاقے سے نقل مکانی سے انکار کر دیا ہے اور وہ وہیں مقیم ہیں، جب کہ 200 افراد کو مقامی انفرااسٹرکچر کی دیکھ بھال کے لیے وہاں رہنے کی باقاعدہ اجازت دی گئی ہے۔