بنگلہ دیش نے افغانستان کو ہرا کر سیریز 1-2 سے جیت لی

257

تمیم اقبال کی شاندار سنچری کی بدولت بنگلہ دیش نے افغانستان کو آخری اور فیصلہ کن ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ میچ میں 141 رنز کے واضح مارجن سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز 2-1 سے جیت لی، شکست کے ساتھ ہی افغانستان کا کسی بھی ہائر رینک ٹیم کے خلاف سیریز جیت کر تاریخ رقم کرنے کا خواب بھی ادھورا رہ گیا۔

 ہفتہ کو شیر بنگلہ نیشنل سٹیڈیم، میرپور میں کھیلے گئے سیریز کے تیسرے اور آخری ایک روزہ میچ میں بنگلہ دیشی ٹیم کے کپتان مشرفی مرتضیٰ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو ان کیلئے درست ثابت ہوا، میزبان ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 279 رنز کا مجموعہ تشکیل دیا، تمیم اقبال نے ڈٹ کر حریف باؤلرز کا مقابلہ کیا اور شاندار سنچری مکمل کی، تمیم اقبال 118 رنز بنا کر نمایاں رہے، صابررحمان 65 رنز کے ساتھ دوسرے نمایاں بلے باز رہے، سومیاسرکار 11، شکیب الحسن 17، مشفق الرحیم 12، مصدق حسین اور مشرف حسین 4، 4 اور کپتان مشرفی 2 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، محموداللہ 32 اور شفیع الاسلام 2 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے، محمدنبی، میرواعظ اور راشدخان نے 2، 2، دولت زدران اور رحمت شاہ نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

جواب میں افغانستان کی ٹیم مطلوبہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور پوری ٹیم 34 ویں اوور کی پانچویں گیند پر 138 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ رحمت شاہ 36 اور نوروز مینگل 33 رنز بنا کر نمایاں رہے، شہزاد خان اور حشمت اللہ شاہدی صفر، کپتان اصغرسٹانکزئی 1، سمیع اللہ 13، محمدنبی 3، نجیب اللہ زدران 26، راشدخان 17 اور دولت زدران بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے، مشرف حسین نے 3، تسکین احمد نے 2 جبکہ مشرفی مرتضیٰ، شفیع الاسلام اور مصدق حسین نے ایک وکٹ حاصل کی۔