لودھا کمیشن کی سفارشات، بھارتی کرکٹ بورڈ کے اکاؤنٹ منجمد 

189

انڈین پریمیئر لیگ(آئی پی ایل )میں ہونے والی کرپشن کی تحقیقات کے لیے بنائی گئی لودھا کمیٹی نے سفارشات پرعملدرآمد نہ کرنے پربھارتی کرکٹ بورڈ کے اکانٹ منجمد کردئیے جس کے باعث نیوزی لینڈ کا دورہ بھارت منسوخ ہونے کا امکان پیدا ہوگیا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق لودھا کمیٹی کی سفارشات پر عملدرآمد نہ کرنے پر بھارتی کرکٹ بورڈ کے تمام اکانٹ کو منجمد کردیا ہے اور بی سی سی آئی کو ہدایت جاری کردی گئی ہے کہ وہ صرف روز مرہ کے کاموں کے لئے پیسے نکال سکتی ہے کمیٹی کے اس اقدام کے باعث بھارت میں موجود نیوزی لینڈ کی ٹیم تیسرا ٹیسٹ نہیں کھیل سکے گی اور اس بات کا قوی امکان ہے کہ کیویز کا دورہ بھارت منسوخ ہوسکتا ہے۔

دوسری جانب نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ کے سربراہ ڈیوڈ وائٹ نے کہا ہے کہ نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز منسوخ کرنے کے حوالے سے بھارتی کرکٹ بورڈ کے باضابطہ جواب کا انتطار ہے ان کا کہنا تھا کہ کھلاڑیوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ فی الحال تیسرے ٹیسٹ کے لئے اپنی تیاری جاری رکھیں۔ بھارتی کرکٹ بورڈ کے ایک عہدیدار کا کہنا ہے کہ ہمارے لئے نیوزی لینڈ کی سیریز منسوخ ہونے سے زیادہ بینک اکانٹ کو بحال کرانا زیادہ اہم ہے جس کے لئے ہم بھرپور کوشش کررہے ہیں کمیٹی کے سربراہ جسٹس لودھا کا کہنا ہے کہ بورڈ روز مرہ کے کاموں کے لیے پیسے نکال سکتا ہے، صرف دیگر فنڈز سے روکا گیا ہے، بی سی سی آئی معاملے کو غلط رنگ دینے کی کوشش نہ کرے ۔

یاد رہے کہ دو ہزار تیرہ میں انڈین پریمئیر لیگ میں ہونے والی مبینہ کرپشن کی تحقیقات کے لیے لودھا کمیٹی بنی جس نے کھلاڑیوں پر پابندی کے ساتھ بی سی سی آئی کے لیے کئی سفارشات مرتب کیں جس میں کہا گیا تھا کہ آئی پی ایل اور نیشنل میچز میں پندرہ دن کا وقفہ رکھا جائے،آئی پی ایل کے اینٹی کرپشن کوڈز میں ترمیم کی جائے کمیٹی نے سفارشات پر عمل کرنے کے لئے تیس ستمبر دو ہزار سولہ کا ٹائم دیا گیا تھا جس پر مکمل عمل نہیں کیاگیا جس پر لودھا کمیٹی نے بھارتی بینکوں کو خط لکھ کر کسی قسم کی ٹرانزیکشن سے روک دیا ہے۔

واضح رہے کہ کیوی ٹیم بھارت میں دو ٹیسٹ کھیل چکی ہے جب کہ اب بھی اسے ایک ٹیسٹ اور پانچ ون ڈے میچز کھیلنا ہیں۔