شاہد آفریدی ہمارا اسٹارہے، جو ہوسکا کریں گے،نجم سیٹھی

257

پی سی بی ایگزیکٹو کمیٹی کے چیئرمین نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ آل راﺅنڈر شاہد آفریدی موجودہ دور میں پاکستان کا سب سے بڑا سٹار ہے اور اس کے لئے جو کچھ ہوسکا کریں گے ۔

وہ باغ جناح لاہور میں دوسری قومی ویمن سکول کرکٹ چیمپئن شپ کے فائنل کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کررہے تھے ۔اس موقع پر ان کے ہمراہ ویمن کرکٹ ونگ کی جی ایم شمسہ ہاشمی اور دیگر عہدیدران بھی موجود تھیں ۔

نجم سیٹھی نے کہاکہ پی سی بی کے چیئرمین شہر یار خان، ہیڈ کوچ مکی آرتھر اور چیف سلیکٹر انضمام الحق کا متفقہ فیصلہ ہے ٹیم کے نئے کپتان بنائے گئے ہیں لہذا شاہد آفریدی کو ایک میچ کھیلاکر ٹیم کے پروفیشنل ازم کو نہ چھیڑا جائے، تاہم شاہد آفریدی کو باعزت طور پر کرکٹ سے رخصت کرنے کے لئے متبادل تجویز پر غور کر رہے ہیں اور شاہد آفریدی سے ملاقات میں اس کو حتمی شکل دی جائے گی ۔

بھارتی کرکٹ حکام کی طرف سے پاکستان کے ساتھ نہ کھیلنے کے دیئے گئے بیان بارے سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ میں نے یہ بیان نہیں سنا اور نہ ہی میں نے اس بارے میں چیئرمین پی سی بی اور گورننگ بورڈ کے ساتھ مشاورت کی ہے اسلئے میرا کچھ کہنا مناسب نہیں ، تاہم 11تا14اکتوبر کو کیپ ٹاﺅن میں آئی سی سی بورڈ کی میٹنگ ہے جس میں پی سی بی کے چیئرمین شہر یار کی خواہش پر پی سی بی کی نمائندگی میں کروں ۔میٹنگ کے لئے ہم پوری تیاری کررہے ہیں اور انشاءاللہ وہاں پر تگڑا جواب دیں گے۔

پاک بھارت سیریز کے بارے میں سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ پی سی بی اپنے پرانے موقف پر قائم ہے ۔پہلی سیریز کی میزبانی پاکستان کرے گا اور اس کے بعد بھارت کو میزبانی کا حق حاصل ہوگا ۔نجم سیٹھی نے بتایا کہ پی ایس ایل کا ڈرافٹ اس ماہ کی 19تاریخ کو یو اے ای میں ہوگا ۔پی ایس ایل کا فائنل لاہور میں کروائیں گے اور اس سلسلہ میں وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے بھی بات ہوچکی ہے جبکہ پی ایس ایل کھیلنے والے غیر ملکی کھلاڑیوں کو جو فارم دیئے گئے ہیں اس میں یہ شرط واضع ہے کہ اگر ان کھلاڑیوں کی ٹیم فائنل میں پہنچی تو انہیں لاہور آکر فائنل کھیلنا پڑے گا اور کئی غیر ملکی کھلاڑیوں نے اس پر دستخط بھی کردیئے ہیں ۔نجم سیٹھی نے کہاکہ ویمن کرکٹ کے فروغ کے لئے پی سی بی بھرپور کوشش کررہا ہے اور ان کی تمام ضروریات کو پورا کیا جارہا ہے ۔ورلڈ کپ میں بھارت کو ہرا کر ویمن کرکٹ ٹیم نے قوم پر مردوں کی ٹیم کی ہار سے چھائی مایوسی کو دور کردیا تھا ۔