افغان فورسز نے قندوز کا کنٹرول حاصل کر لیا،25طالبان ہلاک

303

افغان سکیورٹی فورسز نے اہم شمالی شہر قندوز کا کنٹرول دوبارہ حاصل کر لیا ، طالبان اور سیکورٹی فورسز کے درمیان جھڑپیں جاری ہیں جس میں 25طالبان مارے گئے ،ادھر مشرقی صوبہ ننگرہار میں سیکورٹی فورسز کے آپریشن میں داعش کے 56جنگجو ہلاک ہوگئے ۔

افغان میڈیا کے مطابق سرکاری فورسز نے صوبہ قندوز کا کنٹرول دوبارہ حاصل کرلیا ہے، جس پر طالبان نے گذشتہ روز قبضہ کر لیا تھا، طالبان اور سیکورٹی فورسز کے درمیان جھڑپوں کا سلسلہ جاری ہے۔افغان حکام کے مطابق افغان طالبان کے جنگجو قندوز میں داخل ہوگئے، افغان طالبان نے رات گئے شہر پر چاروں جانب سے حملہ کیا اور شہر کے مختلف مقام پر قبضہ کرلیا ہے جبکہ فورسز کی کارروائیوں میں درجنوں طالبان مارے جاچکے ہیں۔

افغان وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ شہر کی کئی اہم عمارتوں کا کنٹرول دوبارہ حاصل کرلیا ہے اور علاقہ کلین کرنے کے لیے فضائی حملے اور گولہ باری جاری ہے۔قندوز اسٹرٹیجک اہمیت کا حامل شہر ہے، جو افغانستان کی چار مختلف سمتوں کو آپس میں ملاتا ہے، طالبان کی جانب سے قندوز پر قبضے کی یہ چوتھی کوشش ہے۔

یاد رہے کہ طالبان نے ستمبر 2015 میں قندوز پر مختصر وقت کے لیے قبضہ کر لیا تھا لیکن بعد میں سرکاری فورسز نے شہر دوبارہ کنٹرول حاصل کر لیا تھا۔

دوسری جانب مشرقی صوبہ ننگرہار میں سیکورٹی فورسز کے آپریشن میں داعش کے 56جنگجو ہلاک ہوگئے ۔صوبائی پولیس کمانڈنٹ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ داعش کے شدت پسند ضلع آچن میں مشترکہ آپریشن کے دوران مارے گئے ۔آپریشن میں فضائی اور زمینی فورسز نے ضلع پیکھا میں شدت پسندوں کو نشانہ بنایا۔بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ہلاک ہونے والوں میں متعدد غیر ملکی جنگجو بھی شامل ہیں سیکورٹی فورسزنے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی اپنے قبضے میں لے لیا۔