پاکستان اسٹاک مارکیٹ،بلندیوں کا نیا ریکارڈ قائم

271

پاکستان اسٹاک مارکیٹ نے اپنے تمام سابقہ ریکارڈ کو توڑتے ہوئے بلندیو ں کاایک اور نیا ریکارڈ قائم کر دیا،ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ کے ایس ای100انڈیکس 41124پوائنٹس کی سطح پہنچ گیا جس کے بعد اسٹاک مارکیٹ ایک اور تاریخی سنگ میل عبور کرنے میں کامیاب ہو گئی ۔تیزی کے سبب مارکیٹ کے سرمائے میں23ارب سے زائدروپے کااضافہ ریکارڈکیاگیا۔

منگل کو کاروبار کے آغاز پر کاروباری تیزی کی وجہ سے انڈیکس41200پوائنٹس تک پہنچنے میں صرف 3پوائنٹس کی دوری پر دیکھا گیا۔ اسٹاک تجزیہ کاروں کے مطابق پاک بھارت جنگ کے خطرات کم ہونے کی وجہ سے مارکیٹ میں تیزی کا رجحان غالب دیکھنے میں آ رہا ہے جبکہ چین کی جانب سے بھارت کا پانی بند کرنے کی دھمکی کو سرمایہ کارپاک چین مضبوط دوستی سے تعبیر کر رہے ہیں جس سے مارکیٹ میں مستقبل قریب میں مستحکم نظر آ رہی ہے ، کاروبار کے دوران ٹیکسٹائل ،اسٹیل اور آٹو سیکٹر سمیت بینکنگ،ایئرلائن ،توانائی اور کیمیکل سیکٹر سرمایہ کاروں کی توجہ کا مرکز بنے ہوئے ہیں اور وہ ان شعبوں میں خریداری بھی کر رہے ہیں جس کی وجہ سے سرمائے کا حجم مسلسل بڑھتا جا رہا ہے جبکہ تیسرے درجے کے حصص میں سرمایہ کاری بھی عرو ج دیکھی جا رہی ہے ۔

تاہم ماہرین کا ماننا ہے کہ نومبر کے مہینے میں مارکیٹ مشکلات میں اضافہ ہو سکتا ہے کیونکہ پی ٹی آئی کی جانب سے حکومت کی دی جانیوالی دھمکی اور نومبر میں چیف جسٹس اور آرمی چیف کی تقرری جیسے فیصلے سے سیاسی ہلچل پیدا ہونے کے خدشات ہیں ۔

منگل کو کاروبارکے اختتام پرکے ایس ای100انڈیکس میں137.66پوائنٹس کااضافہ ریکارڈکیاگیاجس سے کے ایس ای100 انڈیکس 40986.31 پوائنٹس سے بڑھ کر41123.97پوائنٹس پرجاپہنچااسی کے ایس ای 30 انڈیکس 75.31پوائنٹس کے اضافے  سے 22768.94 پوائنٹس اورکے اسی ای آل شیئرز انڈیکس 28005.58 پوائنٹس سے بڑھ کر28085.87پوائنٹس پربندہوا۔منگل کے روزمارکیٹ کے سرمائے میں 23 ارب 85 کروڑ 25 لاکھ 6ہزار757روپے کااضافہ ریکارڈکیاگیاجس کے نتیجے میں سرمائے کامجموعی حجم 83 کھرب 19 ارب 57 کروڑ 92 لاکھ 11ہزار732روپے سے بڑھ کر83کھرب43ارب43کروڑ17لاکھ18ہزار489روپے ہوگیا۔منگل کو مارکیٹ میں55کروڑ99لاکھ44ہزارحصص کے سودے ہوئے اورٹریڈنگ ویلیو17ارب روپے تک محدودرہی جبکہ پیر کے روز56کروڑ84لاکھ73ہزارحصص کے سودے ہوئے تھے اورٹریڈنگ ویلیو17ارب روپے ریکارڈکی گئی تھی۔