قیامت خیز زلزلے کو گیارہ سال بیت گئے

202

آزاد کشمیر میں 8 اکتوبر 2005 کو آنے والے ہولناک زلزلے کو 11 برس بیت گئے،لیکن اس کی یادیں آج بھی تازہ ہیں۔ اس زلزلہ میں ہزاروں افراد لقمہ اجل بنےاور لاکھوں افراد بے گھر ہوگئے تھے۔

آٹھ اکتوبر 2005 کو آنے والے تباہ کن زلزلے کی یاد میں مظفر آباد سمیت آزاد کشمیر میں تقریبات کا انعقاد کیا گیا، مرکزی تقریب مظفر آباد میں خورشید حسن خورشید اسٹیڈیم میں منعقد کی گئی جس میں وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر نے یادگار شہداء4 پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی بھی کی گئی۔ یادگار شہداء4 پر ایک منٹ کی خاموشی بھی اختیار کی گئی اور 8 بج کر 52 منٹ پر سائرن بھی بجائے گئے۔

اس موقع پر حکومت آزاد کشمیر نے زلزلے سے متاثرہ علاقوں میں تعمیر نو کے حوالے سے اہل پاکستان اور امداد دینے والے ممالک کا شکریہ ادا کیا۔آزاد کشمیر کے دیگر علاقوں باغ ، راولا کوٹ، میرپور اور گڑھی دوپٹہ میں بھی زلزلے کے گیارہ سال مکمل ہونے پر تقریبات ہوئیں جبکہ شہدائے زلزلہ کی یاد میں واک کا بھی اہتمام کیا گیا۔

واضح رہے کہ 8 اکتوبر 2005 کو رمضان المبارک کے مہینے میں صبح 8 بج کر 52 منٹ پر آنے والے شدید زلزلے کے باعث 74 ہزار افراد لقمہ اجل بن گئے تھے، زلزلے میں سیکٹروں افراد لاپتہ اور لاکھوں افراد بے گھر بھی ہوئے جب کہ ہزاروں مکانات اور سڑکیں مکمل طور پر تباہ ہو گئے تھے۔