ٹیلی کام کمپنیوں نے سال 2015۔16 کے دوران 425.8 ارب روپے کا ریونیو کمایا

218

پاکستان میں کام کرنے والی ٹیلی کام کمپنیوں نے سال 2015۔16 کے دوران 425.8 ارب روپے کا ریونیو کمایا جو 2014۔15سے6.6 ارب روپے زائد ہے، گزشتہ مالی سال ٹیلی کام کمپنیوں کو98.82 ارب روپے تھری جی، فورجی اور ایل ٹی پر مشتمل موبائل ڈیٹا سروس کے ذریعے ملے۔

پی ٹی اے کی سالانہ رپورٹ برائے سال 2015۔16 کے مطابق 30 جون 2016 تک ملک میں ٹیلی ڈینسٹی کی شرح 70.9 فیصد رہی جو سال 2014۔15 کے اختتام پر 62.8 فیصد تھی، گزشتہ مالی سال ٹیلی کام کمپنیوں نے قومی خزانے میں 157.8 ارب روپے کے محصولات جمع کرائے جو 2014۔15 میں 126.26ارب روپے کے محصولات سے 31.59 ارب روپے زائد ہیں، 157.85 ارب روپے کے محصولات میں 41.65 ارب روپے جنرل سیلز ٹیکس اور 34.1 ارب روپے پی ٹی ڈپازٹس جبکہ 81.82 ارب روپے دیگر متفرق ٹیکسوں کی مد میں ادا کیے گئے۔

سال 2015۔16 کے دوران ٹیلی کام کمپنیوں کی سرمایہ کاری 71 کروڑ 97 لاکھ ڈالر رہی جو 2014۔15 میں 1 ارب ڈالر سے تجاوز کر گئی تھی، گزشتہ مالی سال 21 کروڑ 4 لاکھ ڈالر کی سرمایہ کاری ایف ڈی آئی کی شکل میں کی گئی جو اس عرصے میں 1.281 ارب ڈالر کی پاکستان میں خالص ایف ڈی آئی کا 16.24 فیصد ہے، سال 2015۔16 کے اختتام تک موبائل فون سبسکرپشن کی تعداد 13 کروڑ 32 لاکھ سے تجاوز کرگئی، موبائل براڈ بینڈ صارفین کی تعداد 2 کروڑ 95 لاکھ 30 ہزار تک پہنچ گئی جس سے ملک میں موبائل براڈ بینڈ کی شرح 8.97 فیصد کے مقابلے میں 15.32 فیصد کی سطح پر آگئی۔