سمندری طوفان ،کوئلے کی سپلائی متاثرہونےسے قیمتوں میں اضافہ

236

سمندری طوفان میتھیو کی وجہ سے بین الاقوامی سمندری راہداریوں پر کوئلے کی سپلائی متاثر ہوئی ہے جس کی وجہ سے کوئلے کی قیمتوں میں اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے۔

برطانوی خبر رساں ایجنسی کے مطابق بحر اوقیانوس کے راستے مال برداری متاثر ہوئی ہے اور اس کی وجہ سے کیربیئن کے ساحلی صوبے کولمبیا سے بین الاقوامی ٹرمینلز تک رسائی بہت کم ہو گئی ہے۔ حکام کے مطابق سمندری طوفان کی وجہ سے کوئلے کی کانوں اور ٹرمینلز کے درمیان ٹریفک بھی متاثر ہوئی ہے۔ یورپ کے ایمسٹردیم ، روٹر ڈیم اور انطار کی بندرگاہوں کیلئے کوئلے کی خریداری کے معاہدے گزشتہ روز 71.95 ڈالر فی ٹن میں طے پائے جو دسمبر 2014 ء کے کوئلے کی بلند ترین قیمت سے صرف 20 سینٹ کم ہے۔

تاہم حکام کا کہنا ہے کہ آنے والے چند دنوں میں صورتحال بہتر ہو جائے گی اور شپنگ کی سرگرمیاں معمول پر آ جائیں گی۔ یورپی منڈیوں میں کوئلے کی قیمتوں میں رواں سال کے دوران تقریباً 80 فیصد اضافہ ہوا ہے اور اس وقت فی ٹن 65.65 ڈالر فی ٹن کے قریب ہے۔

واضح رہے کہ چین، جنوبی کوریا اور یورپی ممالک کوئلے کے بڑے درآمد کنندگان ہیں۔