بھارت نے نیوزی لینڈ کو ہرا کر سیریز میں وائٹ واش کر دیا

220

چیتشورپوجارا کی شاندار سنچری کے بعد ایشون کی تباہ کن باؤلنگ کی بدولت بھارت نے نیوزی لینڈ کو تیسرے اور آخری ٹیسٹ میچ میں 321 رنز کے واضح مارجن سے شکست دے کر سیریز میں0-3 سے وائٹ واش کر دیا۔

منگل کو انڈور ٹیسٹ کے چوتھے روز بھارتی ٹیم نے 18 رنز بغیر کسی نقصان اپنی دوسری ادھوری اننگز دوبارہ شروع کی تو مرلی وجے 11 اور چیتشورپوجارا ایک رن پر کھیل رہے تھے، 34 کے سکور پر وجے 19 رنز بنا کر رن آؤٹ ہو گئے، اس موقع پر گوتم گھمبیر نے پوجارا کا ساتھ دیا، دونوں بلے بازوں نے مل کر سکور 110 تک پہنچایا، یہاں پر گھمبیر 50 رنز بنا کر پٹیل کی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے، کپتان ویرات کوہلی بیٹنگ کا جادو نہ چلا سکے اور 17کے انفرادی سکور پر پٹیل کی گیند کا نشانہ بنے، اس کے بعد راہانے نے وجے کا ساتھ دیا، پوجارا نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے راہانے کے ساتھ مل کر چوتھی وکٹ میں 58 رنز کی ناقابل شکست شراکت جوڑ کر ٹیم کا سکور 216 تک پہنچا دیا، اسی دوران پوجارا نے شاندار سنچری مکمل کی اور اس موقع پر کپتان نے اننگز ڈیکلیئر کرنے کا اعلان کر کے کیویز کو فتح کیلئے مجموعی طور پر 474 رنز کا ہدف دیا، پوجارا 101 اور راہانے 23 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے، پٹیل نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔

جواب میں نیوزی لینڈ کی ٹیم مطلوبہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور پوری ٹیم اپنی دوسری اننگز میں 153 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی، کیویز کا کوئی بھی بلے باز ایشون کی جادوئی سپن باؤلنگ کا ڈٹ کر مقابلہ نہ کر سکا، روز ٹیلر 32 رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ 5 کھلاڑی دوہرا ہندسہ بھی عبور نہ کر سکے، ٹام لیتھم 6، مارٹن گپٹل 29، کپتان ولیمسن 27، لیوک رونچی 15، جیمز نیشم، جیتن پٹیل اور میٹ ہنری صفر، مچل سینٹنر 14 اور ٹرینٹ بولٹ 4 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، ایشون نے پہلی اننگز کے بعد دوسری اننگز میں تباہ کن باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 7کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جدیجا نے 2 اور اومیش یاداو نے ایک وکٹ حاصل کی۔

 روی چندرن ایشون نے میچ میں 13 کھلاڑیوں کو آؤٹ کر کے ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔ایشون کو عمدہ باؤلنگ کا مظاہرہ کرنے پر میچ اور سیریز کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ دیا گیا۔