انگلش کرکٹرز تنخواہ میں سب پربازی لے گئے

250

کر کٹ کی دنیا میں ماہوار تنخواہ کے معاملے میں سب سے امیر انگلش اور غریب زمبابوین کرکٹرز ہیں،تنخواہ کی رینکنگ میں بھی پاکستان آٹھویں نمبرپر ہے۔

 تفصیلات کے مطابق کرکٹ کے موجد انگلش کھلاڑی پیسوں کے معاملے میں بھی شہنشاہ ہیں، سب سے زیادہ گورے کرکٹرز کی تنخواہ 78 لاکھ روپے ہے جبکہ کپتان90 لاکھ روپے کماتا ہے اور کل 11 کھلاڑی کنٹریکٹ میں شامل ہیں ۔ ورلڈ چیمپئن آسٹریلیا کا دوسرا نمبر ہے جس کے 19کھلاڑی ماہوار73لاکھ روپے کماتے ہیں ۔ دنیا کے سب سے امیر بھارتی بورڈ کے کرکٹرز اس رینکنگ میں تیسرے نمبر پر ہیں جس میں28 کرکٹرز شامل ہیں اور سب سے زیادہ تنخواہ 16 لاکھ روپے ہے۔

چوتھے نمبر کے جنوبی افریقہ سینٹرل کنٹریکٹ میں 11کرکٹرز ہیں اور سب سے زیادہ تنخواہ12 لاکھ روپے ہے ۔ پانچویں نمبر پر نیوزی لینڈ سینٹرل کنٹریکٹ لسٹ میں 20کرکٹرز ہیں جن کی تنخواہ بھی تقریبا 12 لاکھ روپے ہے ۔ ٹی ٹونٹی کی نمبر ون ویسٹ انڈیز اس لسٹ میں چھٹے نمبر پر ہے ،12 کرکٹرز سینٹرل کنٹریکٹڈ ہیں اور بڑی آمدن 11 لاکھ روپے ہے ۔ اس لسٹ میں ساتویں رینکنگ کے سری لنکا سینٹرل کنٹریکٹ میں 15 کھلاڑی شامل ہیں اور بڑی تنخواہ8 لاکھ روپے ہے ۔ون ڈے کی آٹھویں رینکنگ والی قومی ٹیم اس لسٹ میں بھی آٹھویں نمبر پر ہیں جہاں 29 کھلاڑی شامل ہیں اور اے کیٹگری کے کھلاڑی 5 لاکھ روپے ماہوار کما لیتے ہیں ۔ بنگلہ دیش کی رینکنگ نویں ہے جہاں سینٹرل کنٹریکٹ میں 14کھلاڑی شامل ہیں اور سب سے زیادہ تنخواہ اڑھائی لاکھ روپے ہے ۔ اس لسٹ میں سب سے آخری نام زمبابوے کا ہے جہاں بڑی تنخواہ ڈیڑھ لاکھ روپے ہے ۔