چیف جسٹس کے ریمارکس حقیقت کی عکاسی ہیں،لیاقت بلوچ

245

جماعت اسلامی پاکستان اور ملی یکجہتی کونسل کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے کہاکہ چیف جسٹس آف پاکستان کے عدالتی سماعت میں ریمارکس حقیقت کی عکاسی ہیں ۔ 69 سال سے مارشل لاء اور جمہوریت کے نام پر شخصی بادشاہتیں قائم ہیں ۔ ہر غیر آئینی دور کو عدلیہ نے تحفظ دیا ۔ آئین ، قانون اور جمہوریت کی بالادستی اسی وقت قائم ہوگی جب عدلیہ مکمل آزاد ہو اور آزادانہ فیصلے کرے اور عوام اپنے ووٹ کی طاقت سے ان بادشاہتوں کو ٹھکرا دیں۔

جماعت اسلامی پاکستان  کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے لاہور میں ڈاکٹر صاحبزادہ ابوالخیر محمد زبیر ، علامہ ثاقب اکبر سے ملاقات کی ۔ اس موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے لیاقت بلو چ نے کہاکہ یوم عاشور کے موقع پر پرامن ، محبت و عقیدت اور یکجہتی کے ماحول پر اللہ کا شکر ادا کرتے ہیں ۔ تمام دینی اور مذہبی مسالک کی جماعتوں نے مثبت کردار ادا کیا ۔ وفاقی ، صوبائی حکومتیں اور سول ملٹری فورسز مبارکباد کی مستحق ہیں ۔ دینی جماعتیں ملک میں نظام مصطفےٰؐ کے نفاذ کے لیے جدوجہد جاری رکھیں گی۔

لیاقت بلوچ نے کہاکہ الطاف حسین کو منی لانڈرنگ ، ڈاکٹر عمران فاروق قتل کیس میں برطانوی حکومت ہر طرح کی سرپرستی دے رہی ہے ۔ برطانوی ادارے تمام کھلے ثبوت ہونے کے باوجود خاص مقاصد کے لیے الطاف حسین کو ریلیف دے رہے ہیں جس کا واحد مقصد پاکستان کے اندرونی معاملات میں مداخلت اور کراچی کے عوام کو دہشت زدہ کرنا ہے لیکن اب تمام مکروہ چہرے بے نقاب ہوگئے ہیں اور کراچی کے عوام باشعور ہیں۔