ملک کی سلامتی اور سالمیت کا ہر قیمت پر دفاع کریں گے،ایڈمرل ذکاءاللہ

241

پاک بحریہ کے سربراہ ایڈ مرل ذکاء اللہ نے کہا ہے کہ جارحیت کی صورت میں ملک کی سلامتی اور سالمیت کا ہر قیمت پر دفاع کریں گے، پاکستان امن پسند ملک ہے اور ہمسایہ ممالک سے خوشگوار تعلقات کا خواہاں ہے، مقبوضہ کشمیر میں بھارتی بربریت جھوٹی کہانیوں اور من گھڑت واقعات سے عالمی توجہ نہیں ہٹائی جاسکتی، ہم پوری طاقت سے ملکی سرحدوں کا دفاع کریں گے۔

پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول میں 35 ویں گریجوئٹ کورس کی پاسنگ آؤٹ پریڈ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشیدہ صورتحال میں پاس آؤٹ ہونے والے کیڈٹس پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے ۔ انہوں نے پاس آؤٹ ہونے والے کیڈٹس کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ کیڈٹس کی شاندار کارکردگی ان کے والدین اور انسٹرکٹرز کیلئے باعث فخر ہے،انہوں نے کہا کہ  پاک فوج کی شاندار تقریب میں شرکت ان کیلئے باعث مسرت ہے۔ یہ تقریب پاک فوج کی شاندار روایات کی عکاس ہے۔

 انہوں نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج کا شمار دنیا کی بہترین افواج میں ہوتا ہے۔ پاکستان کی تاریخ سیکورٹی فورسز کی کارکردگی سے بھری بڑی ہے۔ مسلح افواج چیلنجز سے خوش اسلوبی سے نمٹنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آپریشن ضرب عضب تکمیل کے آخری مراحل میں ہے ، ملک سے دہشتگردی اور انتہا پسندی کا خاتمہ ہمارا عزم ہے، نیشنل ایکشن پلان قوم کے عزم کا مظہرہے۔

 پاک بحریہ کے سربراہ نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی بربریت سے جھوٹی کہانیوں اور من گھڑت واقعات کی بنیاد پر عالمی توجہ نہیں ہٹائی جاسکتی۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ پاس آؤٹ ہونے والے کیڈٹس معیار کو برقرار رکھیں گے۔ دوست ممالک کے کیڈٹس کی شمولیت ہمارے لئے باعث مسرت ہے۔

واضح رہےپاس آؤٹ ہونے والوں میں سعودی عرب اور لیبیا سے تعلق رکھنے والے 26 کیڈٹس بھی شامل تھے۔