امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن کا کہنا ہے کہ لیاری کے عوام سے ووٹ لینے والوں نے لیاری کے مسائل حل نہیں کیے ہیں۔ لیاری کے عوام آج بھی بے شمار مسائل کا شکار ہیں۔
امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے جماعت اسلامی آگرہ تاج کالونی (اولڈ سٹی )کے تحت عوامی دعوت افطار سے خطاب کیا جس میں انکا کہنا تھا کہ لیاری کے عوام جماعت اسلامی کا ساتھ دیں۔ جماعت اسلامی لیاری کے عوام کے مسائل حل کرے گی ۔
حافظ نعیم الرحمن کا کہنا تھا کہ لیاری کے عوام طویل عرصے سے نظر انداز کیے جارہے ہیں اور جن لوگوں نے یہاں سے وو ٹ حاصل کیے انہوں نے یہاں کے عوام کو دھوکہ دیا اور مایوس کیا۔ انکا کہنا تھا کہ لیاری کی بستی پانی اور سیوریج جیسے بنیادی مسائل کے حل کے لیے آج بھی پریشان ہیں جبکہ امن و امان کی خراب صورتحال نے بھی لیاری کے لوگوں کی زندگی کو مشکل بنادیا ہے۔
امیر جماعت اسلامی کراچی نے کہا کہ رمضان المبارک ہمیں رحمتیں اور برکتیں دینے کے لیے موجود ہے جبکہ آخری عشرہ شروع ہوچکا ہے جو دوزخ کی آگ سے نجات کا عشرہ ہے۔ انھوں نے کہا اسی عشرے کی ایک طاق رات میں قرآن نازل ہوا اور وہ رات ہزار مہینوں سے بہتر قرار پائی۔
حافظ نعیم الرحمن نے یوسی (۱)آگرہ تاج کالونی لیاری کے چیئر مین کے لیے جماعت اسلامی کے نامزد امیدوار سید طاہر اکبر کا اعلان بھی کیا اور عوام سے اپیل کی کہ وہ انہیں کامیاب بنائیں۔
دعوت افطار میں کچھی مسلم سنگھار جماعت ، کچھی مسلم خلیفہ جماعت ،کچھی مسلم سومرو جماعت سمیت دیگر برادریو ںسے وابستہ معززین اور لیاری کے عوام نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔اس موقع پر امیر زون اولڈ سٹی سید طاہر اکبر ،نائب امیر فتح محمد اور دیگر رہنما بھی موجود تھے ۔