محمد حفیظ ایک روزہ انٹرنیشنل میچ میں سنچری اور4 وکٹیں لینے والے پاکستان کے دوسرے اور دنیا کے 13 ویں آل راﺅنڈر بن گئے ہیں۔ محمد حفیظ نے سری لنکا کے خلاف پہلے ون ڈے میں یہ کارنامہ انجام دیا۔
تفصیلات کے مطابق محمد حفیظ نے تیسرے نمبر پر بیٹنگ کرتے ہوئے اعجاز احمد، یونس خان اور ظہیر عباس کی زیادہ سنچریوں کا ریکارڈ برابر کر دیا ہے چاروں بلے بازوں نے تیسرے نمبر پر بیٹنگ کرتے ہوئے چھ چھ سنچریاں بنا رکھی ہیں۔
ہفتہ کو دمبولا میں سری لنکا کے خلاف کھیلے گئے سیریز کے پہلے ایک روزہ میچ میں حفیظ نے عمدہ آل راﺅنڈ کارکردگی کا مظاہرہ کر کے ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا، انہوں نے پہلے باﺅلنگ کرتے ہوئے 4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی اور بعدازاں شاندار سنچری بنا کر ٹیم کو فتح سے ہمکنار کرایا۔ یہ حفیظ کی ون ڈے کیریئر میں مجموعی طور پر دسویں سنچری ہے۔
واضح رہے اس سے قبل پاکستان کی جانب سے شعیب ملک بھی یہ اعزاز حاصل کر چکے ہیں جبکہ ملک نے 2004ءمیں ہانگ کانگ کے خلاف میچ میں سنچری اور 4 وکٹیں حاصل کی تھیں۔ اس کے علاوہ ویون رچرڈز، نیتھن ایسٹل، ٹنڈولکر، گنگولی، جے سوریا، کلوپنبرگ، کرس گیل، پال کالنگ ووڈ، یووراج سنگھ، دلشان اور شکیب الحسن کو بھی یہ اعزاز حاصل ہے۔