یونان کی جانب سے مالی اصلاحات کےلئے پیش کردہ تجاویز کا جائزہ لینے کےلئے یورپی یونین کے تمام ممبر ممالک کا طے شدہ اجلاس ملتوی کر دیا گیا تاہم اس سلسلہ میں یورو زون کے وزراءخزانہ کا اجلاس برسلز میں شروع ہونے کو ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق یورپی یونین کے 28 ممبران کا اجلاس ملتوی کر دیا گیا ہے تاہم یورو زون کے 19 ممبران کے سربراہان اپنی بات چیت کو جاری رکھیں گے۔ یورپی یونین کے اجلاس کے ملتوی ہونے کا اعلان یورپین کونسل کے صدر ڈونلڈ ٹسک نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کیا ہے۔
یورو زون کے ممالک کے وزراءخزانہ یونان کی جانب سے مالی اصلاحات کے سلسلہ میں کئے گئے وعدوں کی پاسداری کی یقین دہانی کےلئے مزید مطالبات کر رہے ہیں۔ اس سے پہلے یونان میں ارکانِ پارلیمان نے معاشی اصلاحات کی تجاویز کی حمایت کر دی ہے۔