امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن کا کہنا ہے کہ لوڈشیڈنگ کے ساتھ بجلی کے بریک ڈاﺅن کا معمول بننا نہایت تشویشناک ہے۔
امیرجماعت اسلامی حلقہ کراچی انجینئر حافظ نعیم الرحمن کا جماعت اسلامی سوسائٹی زون کے تحت عرفان اخلاص کے گھر افطارڈنر سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ماہ رمضان رحمتوں، برکتوں اور خصوصی نعمتوں کے ساتھ ہم پرسایہ فگن ہے جبکہ ماہ رمضان کی بابرکت ساعتوں میں دنیا بھر کے مظلوم مسلمانوں کویادرکھنے کی ضرورت ہے۔ انکا کہنا تھا کہ مظلوم کشمیر ی مسلمان بھارتی ظلم وستم کا شکارہیں جبکہ فلسطینی مسلمان اسرائیلی جارحیت کی زد میں ہیں۔
حافظ نعیم الرحمن کا کہنا تھا کہ افغانستان ،عراق ،برما ،شیشان اورالجزائر وغیرہ میں مسلمان انتہائی کسمپرسی کی زندگی گزارنے پرمجبورہیں جبکہ شہرکراچی بھی مظلوموں کی فہرست میں شمار ہونے لگا ہے۔ انھوں نے کہا کہ پہلے بجلی کی لوڈشیڈنگ تھی اب بجلی کے بڑے بریک ڈاﺅن معمول کا حصہ بنتے جارہے ہیں۔ انکا کہنا تھا کہ پانی ،بجلی اور دیگر سہولیات کی عدم دستیابی کی ستائے لوگ عوام دوست حکمرانوں کی جانب دیکھ رہے ہیں۔
انجینئر حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ جماعت اسلامی ملک میں اسلامی پاکستان اورخوشحال پاکستان کی تحریک کو منطقی انجام تک پہنچائے گی ۔ انہوں نے مزید کہا کہ کے الیکٹرک کے ساتھ کسی صورت میں نرم رویہ نہ اختیارکیا جائے جبکہ حکومتی تحویل میں لے کر ذمہ داران کے خلاف قرارواقعی اقدامات کیے جائیں ۔