اسٹیل مل کے ملازمین کو تنخواہوں کیلیے 76 کروڑ جاری کرنے کی منظوری

40

اسلام آباد (خبرایجنسیاں) کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی نے پاکستان اسٹیل مل کے ملازمین کو عیدالاضحی سے قبل تنخواہوں کی ادائیگی کے لیے 76 کروڑ روپے جاری کرنے کی منظوری دے دی۔ ای سی سی کا اجلاس وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار کی زیرصدارت پی ایم آفس میں ہوا۔ اجلاس میں پاکستان اسٹیل مل کے ملازمین کو 2 ماہ کی تنخواہوں کی ادائیگی کے لیے 76 کروڑ روپے جاری کرنے کی منظوری دی گئی۔ یہ فیصلہ عیدالاضحی کے پیش نظر ملازمین کی سہولت کے لیے کیا گیا ہے۔ وفاقی وزیر خزانہ کی ہدایت کے مطابق اسٹیل مل کے ملازمین کو عید سے قبل تنخواہیں ادا کر دی جائیں گی۔ ای سی سی نے پاکستان اسٹیل مل کے ریٹائرڈ ملازمین کو گریجویٹی فنڈ اور پرویڈینٹ فنڈ کی ادائیگی کے لیے 32 کروڑ اور 20 لاکھ روپے سے زائد کی رقم کی بھی منظوری دی۔ اقتصادی رابطہ کمیٹی نے وزارت پیٹرولیم و قدرتی وسائل کی جانب سے پی ایس او کو موجودہ پراڈکٹ کی فروخت اور فرنس آئل و جیٹ فیول کی سپلائی کے لیے کویت پیٹرولیم کارپوریشن کے ساتھ خریداری کے معاہدے کی اجازت دینے کی بھی منظوری دی ہے۔ ای سی سی نے متوقع سارک کانفرنس اور مستقبل میں ایسے دیگر ایونٹس کے انعقاد کے سلسلے میں عالمی شخصیات کے لیے آرمرڈ اور سیکورٹی وہیکلز کی درآمد کو تمام ٹیکسوں اور ڈیوٹیز سے مستثنیٰ قرار دینے کی بھی منظوری دی ہے۔