ایٹمی سپلائر گروپ، قازقستان اور بیلاروس کی پاکستان کو حمایت کی یقین دہانی

108

بشکیک/ اسلام آباد (آن لائن/ اے پی پی) پاکستان کو نیو کلیئر سپلائر گروپ کی رکنیت کے لیے قازقستان اور بیلا روس نے اپنی مکمل حمایت کا یقین دلایا ہے، دوسری جانب پاکستان اور پرتگال نے تجارت، سرمایہ کاری، دفاع اور ثقافت کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق
وزیراعظم نواز شریف کے معاون خصوصی طارق فاطمی نے ریڈیو پاکستان کے ساتھ ایک انٹرویو میں کہا ہے کہ بیلاروس اور قازقستان نے پاکستان کو اپنی مکمل حمایت کی یقین دہانی کرائی ہے۔ طارق فاطمی نے گزشتہ روز برسلز کا سفر کیا اور بلجیم کے نائب وزیر اعظم، امور خارجہ کے وزیر اور یورپی امور ڈڈیر رینڈرز اور وزارت امور خارجہ کے سیکرٹری جنرل ڈرک ایچٹن کے ساتھ ملاقاتیں کیں۔ طارق فاطمی نے نیوکلیئر سپلائر گروپ کی رکنیت کے لیے پاکستان کی درخواست کے بارے میں ان کے ساتھ بات چیت کی اور اس سلسلے میں بلجیم کی مدد طلب کی۔ دوسری جانب دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق ایڈیشنل سیکرٹری افتخار عزیز نے لزبن میں سیکرٹری جنرل کے علاوہ سیکرٹری اسٹیٹ سے وزارت خارجہ میں ملاقات کی۔ انہوں نے دورہ کے موقع پر پاکستان پرتگال پارلیمنٹری فرینڈشپ گروپ کے صدر منتخب تھنک ٹینک کے نمائندوں سے بھی ملاقاتیں کیں۔ دونوں فریقوں نے بات چیت کے دوران تجارت، سرمایہ کاری، دفاعی، ثقافتی تعاون اور پارلیمانی وفود کے تبادلوں سمیت باہمی دلچسپی کے متعدد امور پر تبادلہ خیال کیا اور ان شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو بڑھانے پر اتفاق کیا۔